پرسار بھارتی نے ’’ملک مخالف‘‘ کوریج کے لیے خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو رکنیت منسوخ کرنے کی دھمکی دی
نئی دہلی، جون 27: پبلک براڈکاسٹر پرسار بھارتی نے مبینہ طور پر ’’ملک مخالف‘‘ کوریج کے لیے نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رکنیت منسوخ کرنے کی دھمکی دی ہے۔
پرسار بھارتی، وزارت اطلاعات و نشریات کے تحت ایک خودمختار ادارہ ہے اور دور درشن اور آل انڈیا ریڈیو چلاتا ہے۔ پی ٹی آئی ایک نیوز ایجنسی ہے جو صارفین کو مرکزی دھارے میں شامل میڈیا، کمپنیوں اور متعدد سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں کے لیے خبریں مہیا کرتی ہے۔ پرسار بھارتی کا شمار پی ٹی آئی کے سب سے بڑے صارفین میں ہوتا ہے۔
یہ انتباہ ہندوستان اور چین کے مابین سرحدی تعطل کے درمیان پی ٹی آئی کے ذریعے چینی سفیر سن ویڈونگ کا انٹرویو لینے کے کچھ دن بعد سامنے آیا ہے۔ جمعہ کو انٹرویو میں چینی سفارت کار نے نئی دہلی پر یہ الزام عائد کیا تھا کہ وہ 15 جون کو لداخ کی وادی گلوان میں جان بوجھ کر پرتشدد تصادم کو اکسا رہا تھا، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 ہندوستانی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
سن ویڈونگ نے پی ٹی آئی کو بتایا تھا ’’حمل چین نے نہیں کیا، ہندوستان نے اشتعال انگیزی کے لیے لائن آف ایکچول کنٹرول کو عبور کیا اور چینی سرحدی فوجیوں پر حملہ کیا۔ ہندوستانی افواج نے دونوں ممالک کے مابین سرحدی امور پر معاہدوں کی سنگین خلاف ورزی کی۔‘‘
پی ٹی آئی بورڈ کے چیئرپرسن وجے کمار چوپڑا کو لکھے گئے خط میں پرسار بھارتی نے اپنی ’’گہری ناراضگی‘‘ کا اظہار کیا۔ اور دی ہندو کے مطابق پرسار بھارتی نے کہا کہ خبر رساں ادارے کی "ملک مخلاف” خبریں ان کے تعلقات کو برقرار رکھنے کے قابل نہیں رکھتی ہیں۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ پرسار بھارتی کے ذریعہ جلد ہی اس موضوع پر ایک حتمی مطالبہ کیا جائے گا۔