کورونا وائرس: ملک میں معاملات کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی، گذشتہ روز سامنے آئے 18000 سے زیادہ نئے معاملات

نئی دہلی، 27 جون: وزارت صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 18،552 نئے معاملات کے ریکارڈ اضافے کے بعد ملک بھر میں متاثرین کی مجموعی تعداد پانچ لاکھ کے ہندسے کو عبور کر گئی ہے اور 384 مزید اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد 15،685 تک جا پہنچی ہے۔

معلوم ہو کہ لگاتار آٹھ دنوں سے ملک بھر میں روز 14،000 سے زیادہ معاملات سامنے آ رہے ہیں۔

دریں اثنا وزارت صحت کے مطابق اس مرض سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد فعال مقدمات سے ایک لاکھ کے قریب زیادہ ہے۔ اس وقت فعال مقدمات کی تعداد 1،89،463 ہے، جب کہ مجموعی طور پر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 2،85،636 ہو گئے ہے۔

انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے مطابق 25 جون تک 77،76،228 نمونوں کی جانچ کی گئی ہے۔