وژن 2026 نے پروفیسر کے اے صدیق حسن میموریل پوسٹ گریجویٹ اسکالر شپ کا اعلان کیا
نئی دہلی، جنوری 17 : ہیومن ویلفیر فاونڈیشن نے پروفیسر کے اے صدیق حسن میموریل پوسٹ گریجویٹ اسکالر شپ 2021-22 کا اعلان کیا ہے ۔ اس اسکالر شپ میں ہیومنٹیزکے مضامین میں ماسٹرس کی ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ فارم بھر سکیں گے۔ اسکالر شپ کے لیے ہندوستان بھر سے ہونہار طلبا رجوع کر سکتے ہیں اور اس لنک https://hwfindia.org پر کلک کرکے فارم بھرسکتے ہیں۔ آن لائن فارم بھرنے کی آخری تاریخ 25 جنوری ہے۔
فاؤنڈیشن کے سی ای او پی کے نوفل نے بتایا کہ یہ فاونڈیشن کی اس ریگولر تعلیمی اسکالر شپ سے الگ ہے جو ہر سال 500 بچوں کو دی جاتی ہے۔ اس کے تحت ملکی سطح پر ایسے 100 طلبا کا سلیکشن کیا جائے گا جومالی طور پر کمزور مگرہونہار ہیں اور ملک کے اعلیٰ اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ ہیومن ویلفیر فاونڈیشن کی جانب سے پروفیسر کے اے صدیق حسن میموریل پوسٹ گریجویٹ اسکالر شپ کی یہ شروعات ہے، اب ہر سال پوسٹ گریجویشن کرنے والے ہونہار طلبا اس سے مستفید ہوسکیں گے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ یہ اسکالر شپ ہیومن ویلفیر فاونڈیشن کے بانی پروفیسر کے اے صدیق حسن کی سماجی خدمات میں ان کی گراں قدر کاوشوں کی یاد میں جاری کی گئی ہے ۔
واضح ہوکہ پروفیسر کے اے صدیق حسن نے 2006میں وژن 2016 قائم کیا اور ملک بھر میں خاص طور سے شمالی ہند میں کمزور طبقات کی زندگی میں خوشیاں لانے کے لیے اہم اقدامات کیے ان کی یہ کاوش اب وژن 2026 کے طور پر جاری ہے۔
پروفیسر کے اے صدیق حسن 1945 میں کیرلا میں پیدا ہوئے، ایک عرصے تک بحیثیت استاذ تعلیمی خدمات انجام دیں لیکن ملک کے بدلتے حالات میں مسلم امت کی زبوں حالی ان سے نہ دیکھی گئی سماجی میدان میں قدم رکھا، صورت حال کا گہرا مطالعہ کرنے کے بعد ملک گیر سطح پر سماجی تبدیلی کی مہم شروع کی اورآخری سانس تلک فکر مند رہنے والا یہ مرد مجا ہد 6 اپریل 2021 کو اس دارفانی سے رخصت ہوگیا۔