وزیر اعظم مودی کے ریڈیو پروگرام ’’من کی بات‘‘ کے دوران کسانوں نے تھالی بجا کر احتجاج کیا
نئی دہلی، دسمبر 27: آج وزیر اعظم مودی کے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’من کی بات‘‘ کے دوران دہلی کی سرحدوں پر احتجاج کر رہے کسانوں نے تھالی بجا کر اپنا احتجاج درج کرایا۔
انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق آج صبح دہلی کی سرحدوں پر کسانوں نے ایک جلوس نکالا اور تھالی بجاتے ہوئے اور وزیر اعظم مودی اور مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مارچ کیا۔
Farmers beating utensils at Delhi border during PM Modi’s ‘Mann ki Baat’ program on Sunday. (📸 Prem Nath Pandey) pic.twitter.com/v0BfjlYZrx
— The Indian Express (@IndianExpress) December 27, 2020
معلوم ہو کہ اس ہفتے کے شروع میں ہی کئی کسان رہنماؤں نے ملک بھر کے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ 27 دسمبر کو وزیر اعظم مودی کے ریڈیو پروگرام کا ’’تھالی بجا کر‘‘ بائیکاٹ کرنے میں شامل ہوں۔
دہلی کی سرحدوں پر نئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا احتجاج بدستور جاری ہے۔ اس سے قبل ہفتے کے دن کسان یونینوں نے مرکز کے ساتھ بات چیت دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور اگلے دور کے مذاکرات کی تاریخ کے طور پر 29 دسمبر کی تجویز پیش کی۔
احتجاج کرنے والے کسانوں اور حکومت کے مابین اب تک پانچ دور کے مذاکرات بے نتیجہ رہے ہیں اور کسانوں نے تینوں قوانین کی منسوخی کے اپنے مطالبے کو برقرار رکھا ہے۔