وزارت داخلہ موب لنچنگ کے خلاف سخت قانون بنانے کی تیاری میں

تعزیرات ہند کی دفعات پر غور و خوض کیلئے ایک کمیٹی کی تشکیل ،قتل کے مقدمات کی طرح ہی دفعات لگائی جا سکتی ہیں

نئی دہلی ،27 اکتوبر:۔

ملک میں ذات پات اور مذہب کی بنیاد پر ماب لنچنگ کے بڑھتے واقعات پرسخت کارروائی کے بڑھتے دباؤ پر مرکزی وزارت داخلہ بھی سر گرم ہو گیا ہے ۔ماب لنچنگ کے واقعات میں شامل لوگوں پر بھی قتل کے مقدمات کی طرح ہی دفعات لگائی جا سکتی ہیں اور سزائے موت و عمر قید کی سزا مل سکتی ہے۔ اس سلسلے میں پارلیمانی کمیٹی غور و خوض کر رہی ہے۔ کمیتی کی طرف سے تین مجرمانہ قانون میں تبدیلی کی سفارش ہو سکتی ہے۔ دراصل ذات اور فرقہ کی بنیاد پر موب لنچنگ کرنے والوں کو سخت سزا دلانے کا مطالبہ لگاتار ہوتا رہا ہے۔ اب تک موب لنچنگ کے معاملے میں 7 سال تک کی سزا کا التزام رہا ہے جسے اب بدل کر پھانسی اور عمر قید تک کرنے کا راستہ ہموار کیا جا سکتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ انڈین پینل کوڈ (تعزیرات ہند) پر غور و خوض کے لیے وزارت داخلہ نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی ذات، نسل، فرقہ، جنس، جائے پیدائش، زبان اور اقدار کے نام پر موب لنچنگ کے معاملے میں سخت سزا پر تبادلہ خیال کر رہی ہے۔ کمیٹی اس بات کی سفارش کرنے پر غور کر رہی ہے کہ مذکورہ معاملوں سے جڑے کسی بھی موب لنچنگ معاملے میں قتل کا کیس چلے۔ اس کے علاوہ انھیں قتل کے معاملوں میں ملنے والی عمر قید اور پھانسی جیسی سزاؤں کا ہی التزام ہو۔ اسٹینڈنگ کمیٹی میں اس تعلق سے سنجیدگی کے ساتھ غور و خوض ہو رہا ہے۔