نیپال نے مبینہ طور پر ’’قومی جذبات مجروح کرنے‘‘ کے الزام میں نجی ہندوستانی نیوز چینلز کی نشریات پابندی عائد کی
نئی دہلی، جولائی 10: پی ٹی آئی کے مطابق نیپال کی حکومت نے جمعرات کے روز تمام نجی ہندوستانی نیوز چینلز پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ چینلز ملک کے قومی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا مواد نشر کررہے ہیں۔ صرف سرکاری براڈکاسٹر دوردرشن کو ہی نیپال میں نشریات کی اجازت ہوگی۔
غیر ملکی چینل کے ڈسٹری بیوٹر ملٹی سسٹم آپریٹر کے چیئرپرسن دنیش سُبیدی نے کاٹھمنڈو میں نامہ نگاروں کو بتایا ’’ہم نے دوردرشن کے سوا تمام ہندوستانی نیوز چینلز کی نشریات پر روک لگا دی ہے، کیوں کہ انھوں نے نیپال کے قومی جذبات کو مجروح کرنے والی خبروں کو نشر کیا ہے۔‘‘
وزیر اطلاعات و مواصلات یوراج کھاتیواڈے نے ہندوستانی میڈیا کی کچھ خبروں کی مذمت کی ہے جن میں نیپال کی بری شبیہ پیش کی گئی ہے۔ جمعرات کو انھوں نے ایک پریس بریفنگ میں کہا ’’نیپال حکومت اس طرح کی کارروائیوں کی مذمت کرتی ہے۔ حکومت اس طرح کے قابل اعتراض اقدام کے خلاف سیاسی اور قانونی طریقے تلاش کرے گی۔‘‘
سابق نائب وزیر اعظم نارائن کاجی شریستھا نے کہا کہ ہندوستانی میڈیا کو وزیر اعظم کھڑگا پرساد اولی اور ان کی حکومت کے خلاف ’’بے بنیاد پروپیگنڈا‘‘ روکنا چاہیے، ہندوستانی میڈیا نے ’’تمام حدیں پار کرلی ہیں۔‘‘
معلوم ہو کہ اس ماہ کے شروع میں اولی نے دعوی کیا تھا کہ ہندوستانی حکومت اور اس کے سیاسی حریف انھیں اقتدار سے بے دخل کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔