مختصر مختصر: ہندوستان میں کورونا وائرس کے 26000 سے زیادہ نئے معاملات کے ساتھ متاثرین کی تعداد میں سب سے بڑا یومیہ اضافہ، ہانگ کانگ میں اسکول بند، دیگر اہم خبریں

  1. آج صبح تک ہندوستان بھر میں گذشتہ ایک دن میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 26،506 نئے معاملات سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 7،93،802 تک پہنچ گئی۔ وہیں گذشتہ ایک دن میں475 مزید اموات کے بعد ملک میں مرنے والوں کی تعداد 21،604 تک جا پہنچی ہے۔ دریں اثنا 4.95 لاکھ سے زیادہ افراد ملک بھر میں صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

2. کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے کہا کہ یو جی سی کے ذریعے آخری سال کے طلبا کے امتحانات کرنے کا فیصلہ غیر منصفانہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ امتحانات کو منسوخ کیا جانا چاہیے اور طلبا کو ان کی ماضی کی کارکردگی کی بنیاد پر ترقی دی جانی چاہیے۔

3. مغربی بنگال حکومت نے مرکز کو خط لکھ کر یونی ورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں ستمبر کے آخر تک آخری سال کے طلبا کے امتحانات منعقد کرنے کی ہدایت پر اعتراض کیا ہے۔ اس نے انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت پر زور دیا کہ وہ کورونا وائرس کے درمیان طلبا کی جسمانی اور ذہنی تندرستی کے مفاد میں اس معاملے پر دوبارہ غور کرے۔

4. مرکز نے سپریم کورٹ میں وزیر اعظم کیئرس فنڈ کی تشکیل کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کے تحت ایک قانونی فنڈ کا وجود کسی دوسرے کے قیام کی ممانعت نہیں کر سکتا، جو رضاکانہ عطیات پر مشتمل ہو۔

5. عالمی ادارۂ صحت نے اعتراف کیا ہے کہ کورونا وائرس بھری ہوئی بند جگہوں میں ہوا میں رہ سکتا ہے۔ اور ہوا کے ذریعے بھی وہاں موجود افراد کو متاثر کر سکتا ہے۔

6. ریاستہائے متحدہ امریکہ کے 30 سینیٹرز اور 136 کانگریسیوں کے ایک گروپ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ اس حکم کو مسترد کریں، جس کے تحت اگر بین الاقوامی طلبا کو اگلے سمسٹر میں داخلے کے لیے ذاتی طور پر کلاسز نہیں ہیں تو وہ ملک سے چلے جائیں۔

7. ہانگ کانگ کی حکومت نے کورونا وائرس کے نئے معاملات میں اضافے کے دوران پیر سے تمام اسکول بند رکھنے کا حکم دے دیا۔ جمعرات کو اس شہر میں 42 نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔

8. جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس کے معامالت کی تعداد اب 1.22 کروڑ سے زیادہ ہے، جب کہ اموات کی تعداد 5.54 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اب تک 67 لاکھ سے زیادہ افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔