نوئیڈا میں انسانیت کو شرمسار کرنے والا واقعہ ، غنڈوں نے سبزی فروش کو برہنہ کر کے مارا اور پیٹا

نئی دہلی ،20 ستمبر :۔

انسان جس قدرترقی کے منازل طے کر رہا ہے ،چاند اور سورج پر کمندیں ڈال رہا ہے اتنا ہی وہ اخلاقی طور پر تنزلی کا شکار ہے اور اخلاق زوال کی نچلی سطح پر پہنچ رہا ہے ۔آئے دن اس طرح کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں جہاں انسان کے اندر سے انسانیت ختم ہونے کے شواہد مل رہے ہیں ۔راجدھانی دہلی سے ملحق اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر ضلع  میں ایسا ہی  انسانیت کو شرمسار کرنے والا واقعہ پیش آیا ہے ۔

یہاں ایک سبزی فروش کو قرض لینا اتنا مہنگا پڑ گیا کہ اسے ننگا کر  مارا پیٹا گیا اور بازار میں گھمایا گیا۔ درحقیقت، پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق، نوئیڈا میں ایک 35 سالہ لہسن بیچنے والے کو قرض دینے والے اور اس کے ساتھیوں نے اس وقت مارا پیٹا جب وہ 5,600 روپے کے کل قرض کا ایک حصہ ادا کرنے سے قاصر تھا۔

اس پورے معاملے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس مین واضح طور پر دیکھا جا سکت اہے کہ کچھ لوگ ایک شخص کو کپڑے اتارنے پر سرے بازار مجبور کر ہرے ہیں اور اسے برہنہ حالت میں لاٹھیوں سے مار رہے ہیں ۔رپورٹ کے مطابق   ایڈیشنل ڈی سی پی (سنٹرل نوئیڈا) راجیو دکشت نے کہا کہ اس معاملے میں دو لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

معلومات کے مطابق، تقریباً ایک ماہ قبل قرض لینے والے لہسن بیچنے والے نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ وہ لہسن کا ٹھیلا لگانے  کے علاوہ سیکٹر 88 کی پھل سبزی منڈی میں کام کرتا ہے۔

پریشان بیچنے والے کے مطابق، پیر کو وہ 5,600 روپے کے قرض میں سے 2,500 روپے واپس کرنے گیا اور درخواست کی کہ وہ بالآخر باقی قرض بھی واپس کر دے گا۔ مین پور، اتر پردیش کے رہنے والے سبزی فروش نے کہا، "قرض دینے والے نے اپنے اکاؤنٹنٹ اور دو مزدوروں کو دکان پر بلایا۔ انہوں نے مجھے دکان کے اندر پکڑا،  میرے کپڑے اتارے، لاٹھیوں سے مارا اور مجھے گالی دی۔

ایڈیشنل ڈی سی پی دکشت نے کہا کہ پیر کو ہی قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ دکشت  نے کہا، "مرکزی ملزم سندر سنگھ اور اس کے ساتھی بھگنداس سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ فرار ہونے والوں کو بھی جلد پکڑا جائے گا اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔