ٹی وی چینلز  نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لئے ضابطوں کو سختی سے نافذ کریں:سپریم کورٹ

عدالت عظمیٰ نے این بی اےاور این بی ایف کو اپنے رہنما خطوط پیش کرنے کے لیے چار ہفتوں کا وقت دیا

نئی دہلی ،20ستمبر ۔

ملک میں انڈیا اتحاد کے ذریعہ 14 ٹی وی اینکروں کے  بائیکاٹ اور گودی میڈیا کی گونج کے درمیان سپریم کورٹ کا ٹی وی چینلوں کے سلسلے میں ایک مشورہ منظر عام پر آیا ہے  ۔سپریم کورٹ کی یہ ہدایت در اصل ٹی وی چینلوں کے گرتے معیار اور عوام کے درمیان سے ختم ہوتے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے ۔عدالت عظمیٰ کا یہ مشورہ  ٹی وی چینلز کو عوامی اعتماد کی بحالی کی کوششوں کے لئے ایک قدم کے طور پر دیکھا جا سکتاہے ۔

سپریم کورٹ نے ٹی وی چینلزکو نظم و ضبط کا مشورہ دیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ ٹی وی نیوز چینلز کو اپنے اندر بہتر نظم و ضبط لانا چاہیے۔ سپریم کورٹ نے ٹی وی چینلوں سے کہا ہے کہ وہ آپس میں نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے خود سخت ضابطے نافذ کریں۔ عدالت نے نیوز براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (این بی اے) اور نیوز براڈکاسٹر فیڈریشن (این بی ایف) سے کہا ہے کہ وہ غلط چینلز سے نمٹنے کے طریقہ کار کو مضبوط کرنے کے طریقے تجویز کریں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق  عدالت نے این بی اے اور این بی ایف کو اپنے رہنما خطوط پیش کرنے کے لیے چار ہفتوں کا وقت دیا ہے۔ اس مدت کے بعد کیس کی دوبارہ سماعت ہوگی۔ سپریم کورٹ نے پیر کو کہا کہ ٹی وی نیوز چینلز کے درمیان ایک سخت خود ریگولیٹری میکانزم کے تحت بہتر نظم و ضبط ہونا چاہیے، ساتھ ہی ساتھ اظہار رائے کی آزادی کے حق کا بھی تحفظ کیا جائے۔

سی جے آئی دھننجے وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی ایک ڈویژن بنچ نے کہا کہ ضابطے کی پہلی سطح براڈکاسٹروں کے ذریعہ خود ضابطہ ہے۔ ہم خود پہلی پرت کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں جو آئین کے آرٹیکل 19(1)(A) کے تحت ان کے حقوق کا تحفظ کرتی ہے۔ آزادی رائے اور اظہار رائے کا حق نظم و ضبط لاتا ہے۔ اس بنچ میں جسٹس جے بی پارڈی والا اور جسٹس منوج مشرا بھی شامل تھے۔

سپریم کورٹ نے   یہ حکم این بی اے کی طرف سے دائر ایک درخواست پر دیا، جسے اب نیوز براڈکاسٹرس اینڈ ڈیجیٹل ایسوسی ایشن (این بی ڈی اے) کہا جاتا ہے۔ یہ درخواست بمبئی ہائی کورٹ کے 18 جنوری 2021 کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے لیے دائر کی گئی ہے۔ اس فیصلے میں، ہائی کورٹ نے خود کو ریگولیٹ کرنے کے لیے ٹی وی نیوز چینل ایسوسی ایشنز کی جانب سے اختیار کیے گئے سیلف ریگولیٹری میکانزم کو قانونی تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔