مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو سمن
ناگپور: ناگپور پولس نے جمعرات کو ایک مقامی عدالت کی طرف سے مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کو سمن بھیج دیا۔ دیویندر فڑنویس پر انتخابی حلف نامے میں ان کے خلاف دو فوجداری مقدمات کے بارے میں معلومات چھپانے کا الزام تھا اور عدالت نے انہیں اسی سلسلے میں سمن جاری کیا تھا۔
مجسٹریٹ عدالت نے یکم نومبر کو انتخابی حلف نامے میں دو مجرمانہ مقدمات چھپانے کے لیے دیویندر فڑنویس کے خلاف فوجداری کارروائی کا مطالبہ کرنے والی اپیل دوبارہ تشکیل دی تھی۔ شہر کے وکیل ستیش او کے نے دیویندر فڑنویس کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کرنے کے لیے عدالت میں اپیل دائر کی تھی۔ ممبئی ہائی کورٹ نے ایڈووکیٹ ستیش او کے کی عرضی کو خارج کرنے والی نچلی عدالت کے حکم کو برقرار رکھا تھا۔ لیکن سپریم کورٹ نے یکم اکتوبر کو مجسٹریٹ عدالت کو ستیش او کے کی اپیل پر کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا۔ مجسٹریٹ ایس ڈی مہتا نے کہا ’’عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کے سیکشن 125 اے کے تحت ملزم (دیویندر فڑنویس) کو نوٹس جاری کیا گیا ہے‘‘۔
سابق وزیر اعلی کے خلاف 1996 اور 1998 میں دھوکہ دہی اور جعل سازی کے مقدمات درج کیے گئے تھے۔ ستیش او کے نے الزام لگایا کہ انہوں نے اپنے انتخابی حلف نامے میں یہ معلومات ظاہر نہیں کیں۔ دیویندر فڑنویس ناگپور سے ایم ایل اے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے مہاراشٹر کے وزیر اعلی کی حیثیت سے حلف لیا تھا لیکن انہوں نے اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کے سپریم کورٹ کے ایک حکم کے کچھ گھنٹے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔
(ایجنسیاں)