نئے زرعی قوانین: کسانوں نے ہریانہ کے وزیراعلیٰ منوہر لال کھٹر کے قافلے کا راستہ روکا، کالے جھنڈے دکھائے

ہریانہ، دسمبر 23: مرکزی حکومت کے نئے زرعی قوانین کے خلاف پر امن مظاہرہ کر رہے کسانوں نے ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر کے قافلہ کو اس وقت کالی جھنڈی دکھائی جب ان کا قافلہ انبالہ شہر سے گزر رہا تھا۔

واضح رہے کہ ہریانہ کی سرکار شروع سے کہتی رہی ہے کہ صرف کچھ کسان ہی نئے زرعی قوانین کے خلاف ہیں، جب کہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

آج ہریانہ کے وزیر اعظم کا قافلہ جس راستے سے گزر رہا تھا کسانوں نے اسے مکمل طور سے بند کردیا۔ بعد میں پولیس نے کسانوں کو کسی طرح راستہ دینے کے لیے راضی کیا۔

اس سے پہلے ایک دسمبر کو کسانوں نے مرکزی وزیر لال کٹاریہ کو بھی کالی جھنڈی دکھائی تھی۔

دریں اثنا این ڈی ٹی وی کے مطابق حکومت کی طرف سے از سرنو بات چیت کی پیشکش کے بعد کل اس سلسلہ میں کسانوں کی ایک طویل میٹنگ ہوئی، لیکن ابھی یہ فیصلہ نہیں ہو پایا ہے کہ آگے کا لائحہ عمل کیا ہو گا، اس لیے آج بھی ایک میٹنگ ہوگی جس میں یہ طے کیا جائے گا کہ حکومت سے بات کی جائے یا نہیں۔