نئے زرعی قوانین: پنجاب کے سابق وزیر اعلی پرکاش سنگھ بادل نے کسانوں کو ’’دھوکہ دینے‘‘ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پدم وبھوشن ایوارڈ واپس کیا
پنجاب، دسمبر 3: انڈیا ٹوڈے کے مطابق پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور شیرومانی اکالی دل کے لیڈر پرکاش سنگھ بادل نے نریندر مودی حکومت کے ذریعے ’’کسانوں کے ساتھ دھوکہ دہی‘‘ کے خلاف احتجاج کرنے ہوئے آج اپنا پدم وبھوشن، ہندوستان کا دوسرا سب سے بڑا شہری ایوارڈ، واپس کر دیا۔
92 سالہ لیڈر نے کہا کہ ’’میں خود کو اتنا غریب محسوس کررہا ہوں کہ کسانوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر قربانی دینے کے لیے میرے پاس اور کچھ نہیں ہے۔‘‘
شیرومانی اکالی دل کے سابق صدر نے کہا کہ اگر کسانوں کو "بے عزت کیا جا رہا ے” تو ایوارڈ رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
پانچ مرتبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بننے والے بادل نے کہا ’’میں کسانوں کا مکمل مقروض ہوں۔ میں جو بھی ہوں صرف ان کی وجہ سے ہوں… کسانوں کے خدشات سے نمٹنے کے لیے دیے گئے یقین دہانیوں کے دھوکہ پر مجھے دلی تکلیف ہے۔‘‘
دریں اثنا راجیہ سبھا کے ممبر سکھ دیو سنگھ دھنڈسا نے بھی ہندوستان کا تیسرا سب سے بڑا شہری ایوارڈ پدم بھوشن واپس کیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق پنجاب کے کھلاڑیوں اور کوچوں کے ایک گروپ نے بھی کہا ہے کہ وہ اپنے ایوارڈ واپس کردیں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ کسانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہفتے کے روز دہلی کے لیے مارچ کریں گے۔
ارجن ایوارڈ یافتہ اولمپین ہاکی کھلاڑی سجّن سنگھ چیمہ نے کہا ’’وہ (کسان) کئی مہینوں سے پرامن احتجاج کررہے ہیں۔ لیکن ان کے خلاف واٹر کینن اور آنسو گیس کے گولے استعمال کیے گئے۔‘‘
واضح رہے کہ کسانوں کے احتجاج کو پولیس کی جانب سے پُرتشدد کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جنھوں نے واٹر کینن اور آنسو گیس کا استعمال کرکے کسانوں کو واپس پلٹانے کی کوشش کی ہے۔ کچھ جگہوں پر انھوں نے کسانوں کو روکنے کے لیے خندقیں بھی کھودیں۔