میں نے بھگوا پارٹی کو شکست دینے کے لیے سخت محنت کی ہے، میں بی جے پی میں شامل نہیں ہو رہا: سچن پائلٹ

نئی دہلی، جولائی 15: جہاں ایک طرف بی جے پی کے کچھ نیتا یہ کہہ رہے ہیں کہ ’’سچن کا پارٹی میں خیر مقدم ہے‘‘ اور کچھ دوسرے لوگ یہ دعویٰ کر رہے ہیں بی جے پی اشوک گہلوت حکومت کو ’’گرانے کے تمام ذرائع‘‘ پر غور کرے گی۔ اس دوران سچن پائلٹ نے آج واضح کیا ہے کہ ’’میں بی جے پی میں شامل نہیں ہوں گا۔‘‘

سچن پائلٹ نے یہ کہتے ہوئے کہ انھوں نے بھگوا پارٹی کو شکست دینے اور راجستھان میں کانگریس کو دوبارہ اقتدار میں لانے کے لیے سخت محنت کی ہے اور میں ابھی بھی کانگریس پارٹی کا ممبر ہوں۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ بی جے پی میں شامل نہیں ہوں گے اور کچھ لوگ ان کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پائلٹ نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ راجستھان میں کچھ رہنما ان قیاس آرائیوں کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں، لیکن واضح طور پر یہ بتانا چاہیں گے کہ وہ ایسا نہیں کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کچھ لوگ ان افواہوں کے ذریعے دہلی میں کانگریس کی اعلیٰ کمان کے ذہن میں میرے خلاف زہر بھرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ کانگریس کے ذریعے انھیں راجستھان کے نائب وزیر اعلی اور پارٹی کے ریاستی صدر کے عہدے سے برطرف کرنے کے ایک دن بعد ان کے یہ تبصرے سامنے آئے ہیں۔