مہاراشٹر :گائے کے گوشت کے شبہ میں   ڈرائیور اورکلینر کی بے رحمی سے پٹائی،ٹرک نذرآتش

جلگاؤں19اگست :۔

ملک میں گؤ کشی کے شبہ میں مسلمانوں پر حملے رک نہیں رہے ہیں ۔تازہ معاملہ مہاراشٹر  کا ہے جہاں گائے کے گوشت کے شبہ میں شر پسندوں کے ایک ٹرک کو روکا اور ڈرائیور اور کلینر کی جم کر پٹائی کی اور بعد میں ٹرک کو بھی نذر آتش کر دیا۔پورا معاملہ مہاراشٹر کے جلگاؤں کے پالدھی میں  متشدد ہجوم نے گائے کے گوشت لے جانے کے شبہ میں ایک ٹرک کو نذر آتش کر دیا ۔

رپورٹ کے مطابق  یہ واقعہ گزشتہ روز جمعرات کو پیش آیا ۔واقعہ کی وجہ سے پالدھی گاؤں سمیت علاقے میں دیر رات تک کشیدگی برقرار رہی۔ جمعرات کی رات تقریباً 9 بجے بمبھوری ایس ایس بی ٹی کالج کے قریب پٹرول پمپ پر ایک ٹرک رکا۔ کچھ نوجوانوں کو بدبو کی وجہ سے شک ہوا۔ پھر انہوں نے سوال کرنا شروع کر دیا۔ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ٹرک ڈرائیور نے  درست جواب نہیں دیا۔ اس کے بعد پٹرول پمپ کے ملازمین نے نوجوانوں کے ساتھ تھانے میں فون کرکے اطلاع دی۔

اس کے فوراً بعد ایک پولیس اہلکار پٹرول پمپ پر پہنچ گئے۔ جہاں سے پولیس اہلکار ٹرک کو اپنے ساتھ لے جانے لگا۔ ٹرک کے پیچھے آنے والے نوجوانوں کو شک تھا کہ ٹرک تھانے کی طرف نہیں بلکہ محلے کی طرف جا رہا ہے۔ نوجوانوں کا خیال تھا کہ پولیس نے ٹرک کو چھوڑ دیا ہے، اس لیے انہوں نے ٹرک کا پیچھا کیا اور اسے روکا۔ اس کے بعد نوجوانوں نے ٹرک ڈرائیو کی  پٹائی کی اور ٹرک کو آگ لگا دی۔

ضلع کے ایس پی ایم راج کمار نے بتایا کہ ٹرک میں گائے کا گوشت نہیں تھا۔ انہوں نے کہا، "ٹرک میں جانوروں کی کھال تھی، جسے وہ چمڑے کی فیکٹری میں لے جا رہے تھے، لیکن غلط فہمی کی وجہ سے، کچھ نوجوانوں نے پتھراؤ کیا اور پولیس کے سامنے ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ کلینر اور ڈرائیو دونوں کو پولیس نے بچا لیا۔

ضلع کے ایس پی نے کہا، ’’ٹرک ڈرائیور سلو خان عرف بابو خان اور کلینر مان سنگھ شری رام کشواہا دونوں اتر پردیش کے رہنے والے تھے اور چمڑے سے لدے ٹرک کو اورنگ آباد سے کانپور لے جا رہے تھے۔پولیس نے ماب لنچنگ میں شامل 18لوگوں گوگرفتار کرلیا ہے۔