مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں ٹرین سے کٹ کر 15 مہاجر مزدوروں کی موت
نئی دہلی، مئی 8: کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے پھنسے ہوئے تارکین وطن کی حالت زار کے بارے میں چاروں طرف سے آنے والی پریشان کن خبروں کے درمیان، مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں آج صبح ایک کارگو ٹرین کے نیچے آنے کے بعد 15 تارکین وطن ہلاک ہوگئے۔
حادثے کے وقت وہ ریلوے پٹریوں پر سو رہے تھے۔ حکام نے بتایا کہ ڈرائیور نے ٹرین کو روکنے کی کوشش کی، لیکن نہیں روک سکا۔
مہلوکین 20 تارکین وطن مزدوروں کے ایک گروہ کا حصہ تھے جو 157 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے جلنا سے بھوسوال جا رہے تھے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ وہ تارکین وطن کارکنوں کی موت پر ’’انتہائی غمزدہ‘‘ ہیں۔ وزیر اعظم نے ٹویٹ کیا ’’مہاراشٹرا کے اورنگ آباد میں ریل حادثے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان سے انتہائی غمزدہ ہوں۔ وزیر ریلوے شری پیوش گوئل سے بات کی ہے اور وہ اس صورت حال پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہر ممکن مطلوبہ مدد فراہم کی جارہی ہے۔‘‘
گذشتہ ہفتے حکومت نے تارکین وطن مزدوروں کے لیے ’’شارمک‘‘ خصوصی ٹرینوں کا حکم دیا تھا۔
ریلوے کا کہنا ہے کہ صبح 5.15 کے لگ بھگ جب ٹرین نے ان کو ٹکر ماری تو مہاجر مزدور پٹریوں پر سو رہے تھے۔ وزارت ریلوے نے ایک بیان میں کہا کہ ڈرائیور نے انھیں دیکھا اور ٹرین روکنے کی کوشش کی لیکن نہیں روک سکا۔