موب لنچنگ اور تجارتی بائیکاٹ کے بعد دہلی اور ہریانہ کے کچھ گاؤں میں مسلمانوں کو ہندو مذہب قبول کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے
نئی دہلی، 14 مئی: کورونا وائرس کو لے کر مسلمانوں کے خلاف پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے نفرت انگیز مہم چلانے کے بعد، جس کے نتیجے میں مسلمانوں پر ہجوموں کے حملوں اور ان کا تجارتی بائیکاٹ کیا گیا، اب مسلمانوں کو ہریانہ میں دیہات کے متعدد علاقوں اور دہلی متصل بوانا کے علاقے میں بھی ہندو مذہب میں تبدیل ہونے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
زبردستی مذہب تبدیل کرانے کی تازہ مثال بوانا کے علاقہ ہریولی گاؤں سے سامنے آئی ہے، جہاں تقریباً 60 ممبروں پر مشتمل تمام 12 مسلمان کنبوں کو 5 مئی کو زبردستی ہندو مذہب میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ یہ وہی گاؤں ہے جہاں ایک مسلمان نوجوان دلشاد کو بھوپال میں تبلیغی جماعت کے مشن سے واپسی پر 6 اپریل کو ہندو جاٹ برادری کے نوجوانوں نے بے رحمی سے پیٹا تھا۔ حملہ کرنے والے اور ویڈیو تیار کرنے اور اسے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ملزم اب دلشاد کو پولیس کیس واپس لینے پر مجبور کررہے ہیں۔
نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اس گاؤں کے ایک رہائشی نے انڈیا ٹومورو کو بتایا کہ مسلمان خاندانوں کے پانچ بزرگوں کو زبردستی گاؤں کے مندر میں لے جایا گیا، جہاں انھیں
’’شدھی کرن‘‘ یا ’’گئو متر‘‘ کے قطروں کے ساتھ پانی پلا کر پورے گاؤں کی موجودگی میں ان کا مذہب تبدیل کیا گیا۔
گاؤں کے رہائشی نے بتایا ’’مندر میں ان رسومات کی ادائیگی کے بعد مسلم بزرگوں سے کہا گیا کہ وہ اور ان کے کنبہ کے افراد اب سے ہندو ہیں اور وہ ’’نماز‘‘ یا صلاۃ، روزہ رکھنے یا ان کے میت کو دفن کرنے جیسے اسلامی طریقوں پر عمل نہیں کریں گے۔ ہمیں کہا گیا کہ اب ہم گاؤں میں ہندوؤں کی طرح اپنی میتوں کو جلا دیں گے۔‘‘
اس نے الزام لگایا کہ ہندوؤں نے گاؤں کے مسلمان قبرستان کو ایک ’’گئوشالہ‘‘ میں بدلنے کو کہا، جہاں مسلمان اپنی میتوں کو دفن کیا کرتے تھے، جو اس علاقے میں تقریباً پانچ بیگہہ پر مشتمل کئی کروڑ روپے مالیت کی ایک بڑی پراپرٹی ہے۔
اس نے کہا کہ انھوں نے ہندو دیہاتیوں کے مظالم کے خوف کی وجہ سے ’’شدھی کرن‘‘ کی مخالفت نہیں کی۔ اس نے مزید بتایا کہ ’’اگرچہ ہم مندر میں رسم و رواج سے گزرے، لیکن ہم اپنے دلوں میں پرعزم رہے کہ ہم مسلمان ہی بن کر رہیں گے اور مسلمان ہی مریں گے۔‘‘
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا مسلمان رمضان کا مشاہدہ کر رہے ہیں، تو انھوں نے کہا ’’ہم اپنے گھروں میں چپکے چپکے روزہ رکھے ہوئے ہیں اور ’’نماز‘‘ ادا کر رہے ہیں۔‘‘ اس نے کہا کہ رمضان اور لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد مسلمان پولیس کے ساتھ یہ معاملہ اٹھائیں گے۔
ہریولی میں کوئی مسجد نہیں ہے۔ قریب ترین مسجد گاؤں سے چھ کلومیٹر دور بوانا میں ہے۔ اس نے بتایا کہ ’’ہم جمعہ کی اجتماعی نماز ادا کرنے بوانا جاتے تھے۔ لیکن لاک ڈاون کی وجہ سے اور معاشرتی فاصلے کو برقرار رکھنے کی وجہ سے اب ہم بوانا مسجد نہیں جاتے ہیں۔‘‘
اس نے کہا ’’ہم کئی نسلوں سے گاؤں میں رہ رہے ہیں۔ لیکن پوری تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا تھا۔ 1947 میں تقسیم کے دنوں کے دوران کچھ مسلمانوں نے خوف کے سبب اپنے نام بدل کر ہندوؤں کے نام میں تبدیل کردیے تھے، لیکن کسی نے بھی ہمارے بزرگوں سے تبدیلی کے لیے نہیں پوچھا تھا۔ میڈیا نے من گھڑت مسلم مخالف خبروں کی تشہیر کرتے ہوئے نفرت کی فضا پیدا کی ہے۔ مرکز تبلیغی جماعت کی منفی کوریج کے بعد اور اسے کورونا وائرس پھیلانے کے لیے ذمہ دار قرار دیے جانے کے بعد مسلم کمیونٹی کے خلاف ہندوؤں میں نفرت کا احساس گہرا ہوگیا ہے۔‘‘
یہ پوچھے جانے پر کہ اگر ہندو مزید دباؤ ڈالیں گے اور انھیں اپنے گھروں میں بھی نماز پڑھنے سے روک دیں تو کیا گاؤں کے مسلمان گاؤں چھوڑنے کا فیصلہ کریں گے؟ تو ایک اور گاؤں والے نے کہا ’’ہمارے پاس اس گاؤں میں اپنی زراعت اور دیگر زمینیں ہیں جو ہجرت سے مانع ہیں۔ ہم آپس میں اس پر تبادلۂ خیال کر رہے ہیں کہ ان حالات میں کیا کرنا ہے۔ ہجرت آخری آپشن ہے۔ جب دوسرے تمام آپشن ناکام ہوجاتے ہیں تو ہم اسے استعمال کریں گے۔‘‘
ایک اور ہریولی کے رہائشی کے مطابق ہریولی سے تقریباً تین کلومیٹر دور ناگال گاؤں میں بھی ہندو نصف درجن مسلمان خاندانوں کو ہندو مذہب اختیار کرنے پر مجبور کررہے ہیں۔ اگرچہ مسلمان مزاحمت کر رہے ہیں، لیکن ہندو نوجوان ان پر دباؤ ڈال رہے ہیں اور دھمکی دے رہے ہیں کہ اگر وہ مذہب تبدیل نہیں کرتے ہیں تو انھیں گاؤں میں رہنے نہیں دیا جائے گا۔
اس نے مزید بتایا کہ ہریانہ کے ضلع سونپت میں ہریولی سے تقریباً چھ کلومیٹر دور ایک گاؤں جنجولی میں بھی اس کے رشتہ داروں کو مقامی ہندو مذہب تبدیل کرنے کے لیے کہہ رہے ہیں اور دھمکی دے رہے ہیں۔
ہریانہ کے کئی دوسرے دیہاتی علاقوں سے بھی مذہب کی تبدیلی کے واقعات کی اطلاع ملی ہے۔ اطلاعات کے مطابق 8 مئی کو حصار کے گاؤں بڈھمیرہ میں 40 مسلم کنبوں کے 260 ممبران نے ہندو مذہب قبول کیا۔ اطلاعات کے مطابق مسلمان سے ہندو مذہب میں تبدیل ہوئے لوگوں نے ہندو مذہبی رسومات کے مطابق ایک 80 سالہ مسلمان عورت کی آخری رسومات ادا کیں۔ اس سے قبل جند ضلع کے دھنودہ کلاں گاؤں میں رہنے والے چھ کنبوں کے 35 افراد نے اپنے ایک بزرگ کی موت کے بعد ہندو مذہب اختیار کرلیا تھا۔
(بشکریہ انڈیا ٹومورو)