منموہن سنگھ نے کی جی ڈی پی کی گرتی شرح پر حکومت کی تنقید، کہا کہ معاشرے میں قائم ہے خوف کی فضا

نئی دہلی، نومبر 30:  سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے جمعہ کو 2019-20 کی دوسری سہ ماہی میں جی ڈی پی شرح ترقی 4.5 فی صد تک گرنے کے بعد جو گذشتہ چھ برسوں میں سب سے خراب کارکردگی ہے، مودی سرکار کی سخت تنقید کی۔ اوراسے "تشویشناک” قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تازہ ترین اعداد و شمار حکومت کو اس کی نیند سے بیدار کردیں گے۔

جواہر بھون میں معیشت سے متعلق قومی کانکلیو میں اپنے خطاب میں ڈاکٹر سنگھ، جو خود ایک نامور ماہر معاشیات ہیں، نے کہا: "آج کوئی ایسا شخص نہیں ہے جو ہندوستان کی معیشت میں تیزی سے سست روی اور اس کے تباہ کن نتائج سے انکار کر سکے، خاص طور پر کسان، جوان اور غریب۔ "

انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی حکومت کی تباہ کن پالیسیوں نے ہندوستان کو معاشی بحران میں ڈال دیا ہے۔ جس طرح بنیادی شعبوں میں نمو کم ہوتی جارہی ہے، اسی طرح حکومت پر بھی لوگوں کا اعتماد کم ہو رہا ہے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا "لیکن میرا ماننا ہے کہ صرف معاشی پالیسی میں بدلاؤ ہی معیشت کی بحالی میں مددگار ثابت نہیں ہوگا۔ ہمیں اپنے معاشرے کی موجودہ خوف زدہ فضا کو بدل کر اس میں اعتماد پیدا کرنا ہوگا  تاکہ ہماری معیشت کو دوبارہ مضبوطی سے ترقی کر سکے۔”

انھوں نے ان خیالات کا اظہار اس سرکاری اعدادوشمار کے ظاہر ہونے کے فوراً بعد ہی کیا جس کے مطابق ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) جولائی تا ستمبر سہ ماہی میں کم ہوکر 4.5 فی صد رہ گئی ہے، جو گذشتہ چھ برسوں میں سب سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔

ڈاکٹر منہوہن سنگھ  نے جو 2004-2014 تک وزیر اعظم تھے، کہا کہ آج ہمارے معاشرے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’آج ہمارے معاشرے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ بہت سارے صنعت کاروں نے مجھے بتایا کہ وہ آج ہمارے معاشرے میں خوف کے ماحول میں رہتے ہیں۔ وہ مجھے بتاتے ہیں کہ وہ حکومت کی طرف سے ہراساں کیے جانے کے خوف میں رہتے ہیں۔ حکام. بینکر انتقام کے خوف سے نئے قرضے دینے سے گریزاں ہیں‘‘۔

منموہن سنگھ نے یہ بھی کہا کہ حکومت اور دیگر اداروں میں پالیسی بنانے والے "سچ بولنے سے خوفزدہ ہیں”۔ انھوں نے کہا کہ مختلف معاشی شریکوں میں گہرا خوف اور عدم اعتماد ہے۔ میڈیا، عدلیہ، ریگولیٹری اتھارٹیز، اور تفتیشی ایجنسیوں جیسے آزاد اداروں پر عوامی اعتماد کو بری طرح ختم کردیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا "ہمارے معاشرے میں گہرا عدم اعتماد، وسیع خوف اور ناامیدی کے احساس کا یہ زہریلا امتزاج معاشی سرگرمیوں کو روکتا ہے اور اسی وجہ سے معاشی نمو کم ہو رہی ہے”۔

انہوں نے کہا کہ اس کی اصل وجہ نریندر مودی حکومت کا پالیسی اصول ہے جس پر ہر صنعت کار کو شبہ ظاہر ہوتا ہے، بینکر، پالیسی بنانے والا، ریگولیٹر، کاروباری اور شہری سب خوف زدہ ہیں، جس نے معاشی ترقی کو روک دیا ہے۔ منموہن سنگھ نے کہا ’’سست روی کی اصل وجہ حکومت کا پالیسی نظریہ ہے جو لگتا ہے کہ ہر صنعت کار، بینکر، پالیسی بنانے والے، ریگولیٹر، کاروباری اور شہری کو خوف میں رکھتا ہے۔  بینکر قرض دینے میں ناکام ہیں، صنعت کار سرمایہ کاری کرنے سے قاصر ہیں اور پالیسی ساز عمل کرنے سے قاصر ہیں۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ "معاشی نمو کو بحال کرنے کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ حکومت اعتماد اور بھروسا قائم کرے اور میں وزیر اعظم سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ ہمارے معاشرے سے متعلق اپنے گہرے شکوک و شبہات کو ترک کریں اور ہمیں ایک پر امن، پر اعتماد اور باہمی اتحاد کے حامل معاشرے کی طرف لے جائیں۔ اور ہماری معیشت میں اضافے میں مدد کریں۔‘‘