ممتا بنرجی نے ’’جے شری رام‘‘ کے نعرے لگائے جانے کے بعد نیتا جی سبھاش چندر بوس کے لیے منعقدہ وزیر اعظم مودی پروگرام میں تقریر کرنے سے انکار کردیا
کولکاتا، جنوری 24: اے این آئی کے مطابق مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے سبھاش چندر بوس کی 125 ویں یوم پیدائش کے موقع پر کولکاتا میں منعقدہ ایک پروگرام میں تقریر کرنے سے انکار کردیا۔
جب وہ اجتماع سے خطاب کرنے کے لیے کھڑی ہوئیں تو ’’جے شری رام‘‘ کے نعرے لگائے جانے لگے، جس کے بعد وزیر اعلی نے بولنے سے انکار کردیا۔ اس پروگرام میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی موجود تھے۔
ممتا نے کہا ’’میرے خیال میں ایک سرکاری پروگرام کا وقار ہونا چاہیے۔ یہ کوئی سیاسی پروگرام نہیں ہے … کسی کو دعوت دینے کے بعد اس کی توہین کرنا آپ کو زیب نہیں دیتا۔ احتجاج کے طور پر میں کچھ نہیں کہوں گی۔‘‘
#WATCH | I think Govt’s program should have dignity. This is not a political program….It doesn’t suit you to insult someone after inviting them. As a protest, I won’t speak anything: WB CM Mamata Banerjee after ‘Jai Shree Ram’ slogans were raised when she was invited to speak pic.twitter.com/pBvVrlrrbb
— ANI (@ANI) January 23, 2021
معلوم ہو کہ وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو کولکاتا میں نیتا جی سبھاش چندر بوس کی 125 ویں یوم پیدائش کی تقریب کے موقع پر موجود تھے۔ ان کی آمد کے فوراً بعد انھوں نے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی اور گورنر جگدیپ دھنکھر کے ساتھ وکٹوریہ میموریل میں منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کی۔
وزیر اعظم نے شہر کے نیتا جی بھون میں انھیں خراج تحسین پیش کیا۔ وہ بوس کے لیے مختص مستقل میوزیم کا افتتاح کرنے والے ہیں۔ وزیر اعظم نے نیتا جی کی یوم پیدائش کے موقع پر یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا۔
اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا ’’نیتا جی کی 125 ویں یوم پیدائش پر میں قوم کی طرف سے انھیں سجدہ کرتا ہوں۔ آج میں بنگال کی اس سرزمین کو بھی سلام پیش کرتا ہوں، جس نے سبھاش کو ’’نیتا جی‘‘ میں تبدیل کردیا۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ نیتا جی کی زندگی، کام اور فیصلوں نے سب کو متاثر کیا۔ انھوں نے کہا ’’ایسے عزم کے حامل شخص کے لیے کچھ بھی ناممکن نہیں تھا۔‘‘
اس سے ایک دن قبل ممتا بنرجی نے بوس کی یوم پیدائش کے موقع پر کولکاتا میں ایک بہت بڑی ریلی نکالی تھی۔ بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا تھا کہ ان کی پارٹی نے صرف انتخابات کے سالوں میں ہی نیتا جی کی برسی نہیں مناتی۔
بنرجی نے بی جے پی سے پوچھا کہ اس نے پہلے کبھی بوس کی یوم پیدائش کیوں نہیں منائی اور نہ ہی ان کے لیے یادگار تعمیر کیا۔
انھوں نے بوس کی یوم پیدائش کے موقع پر قومی تعطیل کا اعلان نہ کرنے پر بھی مرکز پر تنقید کی۔