ممبئی: 28 دسمبر کو کانگریس کا ’’بھارت بچاؤ، سنویدھان بچاؤ‘‘ فلیگ مارچ

ممبئی: کانگریس کی یومِ تاسیس کے موقع پر ریاستی کانگریس جمہوریت وآئین مخالف مرکزی بی جے پی حکومت کے خلاف ’’بھارت بچاؤ، سنویدھان بچاؤ‘‘ کے تحت فلیگ مارچ کا انعقاد کررہی ہے۔ یہ فلیگ مارچ سنیچر28 دسمبر کو صبح 10 بجے اگست کرانتی میدان سے گرگام چوپاٹی پر لوک مانیہ تلک کے مجسمے تک نکالاجائے گا۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر وریاستی وزیربرائے محصول بالاصاحب تھورات نے جمہوریت کے تحفظ کے لیے سرگرم سیکولر تنظیموں وکارکنان نیز عوام سے اس فیلگ مارچ میں کثیر تعداد میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔

بالاصاحب تھورات نے کہا کہ مرکزی حکومت عوام کی آواز کو دبانے کی کوشش کررہی ہے۔ اس کی مذمت کرنے، نیز نوجوانوں، طلبہ وعام لوگوں کی آوازبلند کرنے کے لیے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے زیراہتمام کانگریس کی یومِ تاسیس کے موقع پر سنیچر 28دسمبر 2019کو صبح 10بجے اگست کرانتی میدان میں پرچم لہرا کر اگست کرانتی میدان سے گرگام چوپاٹی تک ’’بھارت بچاؤ، سنویدھان بچاؤ‘‘ فلیگ مارچ نکالا جائے گا۔ اسی دن ریاست بھر میں مختلف مقامات پر بھی اسی طرح کا فلیگ مارچ نکالاجائے گا۔

اس فلیگ مارچ میں کانگریس کے ہزاروں کارکنان اپنے ہاتھوں میں فلیگ لے کر ملک کی جمہوریت اور آئین کو بچانے کی تحریک میں حصہ لیں گے۔ انھوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت ودستور کے تحفظ کے لیے عوام بھی اس فلیگ مارچ میں کثیر تعداد میں شریک ہوکربی جے پی کی منافرت والی سیاست کے خلاف شروع ہونے والی تحریک کا حصہ بنیں۔

(ایجنسیاں)