ممبئی اور پونے میں لاک ڈاؤن 31 مئی تک بڑھایا جائے گا: ریاستی وزیر

ممبئی، مئی 15: ریاست کے وزیر صنعت سبھاش دیسائی نے جمعرات کی شب این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ ریاست میں کورونا وائرس کے معاملات میں تیزی سے اضافے کے درمیان ممبئی، پونے اور مہاراشٹر کے کچھ دوسرے شہروں میں لاک ڈاؤن 31 مئی تک بڑھایا جائے گا۔ ممبئی میں اب تک کورونا وائرس کے 16،579 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جو مہاراشٹر میں 34،602 متاثرین کی مجموعی تعداد کا تقریباً 48 فیصد ہے۔ شہر میں کوویڈ 19 سے 600 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

دیسائی نے نیوز چینل کو بتایا ’’وائرس کے واقعات میں اضافے کی شرح کو دیکھتے ہوئے، ہمیں ممبئی، پونے، شولا پور اور ناسک ضلع کے شہر اورنگ آباد اور مالیگاؤں میں لاک ڈاؤن بڑھانا ہوگا۔ ریاست کی یہ تجویز مرکز کو تحریری طور پر پہنچائی جائے گی۔‘‘

نیوز 18 کے مطابق جمعرات کو وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کے زیرصدارت اجلاس میں مہاراشٹر میں لاک ڈاؤن کو بڑھانے کی ضرورت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ہندوستان میں مہاراشٹر بدترین متاثرہ ریاست رہا ہے۔ منگل کے روز ریاستی حکومت نے مرکز سے مرکزی پولیس افواج کی 20 کمپنیوں کو تعینات کرنے کے لیے کہا تھا تاکہ وہ سرگرم عمل پولیس فورس کو ذرا آرام کی سانس فراہم کرے۔

مرکز نے لاک ڈاؤن کے بارے میں ابھی اپنے فیصلے کا اعلان نہیں کیا ہے، جو 17 مئی کو ختم ہونا ہے۔ تمام ریاستوں کے وزرائے اعلی نے پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال پر تبادلۂ خیال کے لیے آن لائن ملاقات کی تھی۔ مودی نے ان سے 15 مئی تک مرحلہ وار لاک ڈاؤن سے باہر نکلنے کے لیے اپنی حکمت عملی کا ایک نقشہ فراہم کرنے کو کہا تھا۔ وزیر اعظم نے یہ اشارہ بھی کیا تھا کہ لاک ڈاؤن کا اگلا مرحلہ پچھلے مرحلوں سے بہت مختلف ہوگا۔

وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق آج صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے واقعات کی تعداد بڑھ کر 81،970 ہوگئی اور اموات کی تعداد 2،649 ہوگئی۔