مدھیہ پردیش: ایک ٹرک حادثے میں 5 تارکین وطن مزدور ہلاک، 11 زخمی

مدھیہ پردیش، مئی 10: اے این آئی کے مطابق ہفتہ کے روز مدھیہ پردیش میں پانچ تارکین وطن مزدور ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہوگئے، جب بھوپال سے لگ بھگ 200 کلومیٹر دور ایک گاؤں میں وہ ٹرک الٹ گیا جس میں وہ سوار تھے۔

یہ واقعہ نرسنگھ پور کے ایک گاؤں پاتھا میں پیش آیا۔ نرسنگھ پور کے ضلع کلکٹر دیپک سکسینا نے بتایا کہ مزدور تلنگانہ کے حیدرآباد شہر سے اتر پردیش کے آگرہ جارہے ایک ٹرک میں سفر کر رہے تھے۔

سکسینا نے مزید کہا ’’آم سے لدے ٹرک میں مجموعی طور پر 18 افراد سوار تھے۔ جب ٹرک نرسنگھ پور کے گاؤں پاتھا کے قریب الٹ گئی، تو پانچ مزدوروں کی موت ہوگئی اور 11 زخمی ہوگئے۔‘‘

حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ ان میں سے ایک میں انفیکشن کی علامات ظاہر ہونے کے بعد مزدوروں کا کورونا وائرس کے لیے بھی معائنہ کیا گیا۔

یہ واقعہ اس حادثے کے ایک دن بعد پیش آیا جب مہاراشٹر کے اورنگ آباد ضلع میں ایک کارگو ٹرین کے نیچے آنے سے کم از کم 16 کارکنوں کی موت ہوگئی تھی۔