مدھیہ پردیش: ایک تہوار کے موقع پر ’’کھانا‘‘ چھونے کے سبب ایک دلت شخص کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کیا گیا

مدھیہ پردیش، دسمبر 9: ٹائمز آف انڈیا کی خبر کے مطابق پولیس نے بتایا کہ مدھیہ پردیش کے چھتر پور ضلع میں ایک 25 سالہ دلت شخص کو ایک تہوار میں محض کھانا چھو لینے کے سبب پیٹ پیٹ کر مار ڈالا گیا۔

یہ واقعہ پیر کے روز بھوپال سے 450 کلومیٹر دور اور اتر پردیش کی سرحد کے قریب کشن پور گاؤں میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ دیوراج انوراگی کو ایک پارٹی کے بعد صفائی کے لیے بلایا گیا تھا۔

گوریہر اسٹیشن ہاؤس آفیسر جسونت سنگھ راجپوت نے بتایا کہ ملزم بھورا سونی اور سنتوش پال اس وقت مشتعل ہو گئے جب انھوں نے انوراگی کو پارٹی میں کھانا کھاتے ہوئے دیکھا اور اسے لاٹھیوں سے مار مار کر ہلاک کر ڈالا۔

پی ٹی آئی کے مطابق پولیس سپرنٹنڈنٹ سچن شرما نے صحافیوں کو بتایا کہ پیر کی رات سینے میں درد کی شکایت کے بعد اس دلت شخص کی موت ہوگئی۔ ملزمان پر قتل سمیت تعزیرات ہند کی متعدد دفعات اور شیڈولڈ ذات (مظالم کی روک تھام) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

شرما نے مزید کہا کہ سونی اور پال دونوں فرار ہیں اور پولیس ان کی تلاش کر رہی ہے۔

معلوم ہو کہ پچھلے مہینے ہی ایک ایسے ہی واقعہ میں مدھیہ پردیش کے گونا ضلع کے کروڈ گاؤں میں ایک 50 سالہ دلت کسان کو دو افراد نے محض ماچس باکس نہ دینے کے سبب پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا تھا۔

وہیں اس سال جولائی میں مدھیہ پردیش کے گونا میں ہی ایک اور افسوس ناک واقعہ سامنے آیا تھا،جس میں ایک دلت کسان جوڑے نے پولیس کے سامنے زہر کھالیا تھا۔