مجھے بی جے پی محبِ وطن کے سرٹیفیکٹ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں: ممتا بنرجی

کولکاتا: شہریت ترمیمی قانون پر اقوام متحدہ اور حقوق انسانی کمیشن کی نگرانی میں ریفرنڈم کرانے کے مطالبے پر بی جے پی کی طرف سے سخت تنقید کا سامنا کرنے کے بعد ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ انہیں کسی سے بھی محب وطن ہونے کا سرٹیفیکٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے عوام پرامن ماحول میں احتجاج کررہے ہیں مگربی جے پی کے لوگ اس میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ مرشدآدباد میں بی جے پی کے پانچ ممبروں کو گرفتار کیا گیا ہے جو مظاہرین کی ساتھ شامل ہوکر تشدد اور املاک کو نقصان پہنچانے میں شامل تھے۔ ان پانچوں افراد کے خلاف ساگر دیگھی ریلوے اسٹیشن کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں ملک کے ہر ایک شہری سے پرامن احتجاج کرنے کی اپیل کرتی ہوں اور مرکزی حکومت سے اپیل ہے کہ وہ عوا م کی تشویش کی ازالہ کریں۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ مجھے اپنے ملک اور یہاں کے نظام پر فخر ہے۔ میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔ مجھے یہ مت بتائیں کہ بی جے پی کیا کہہ رہی ہے۔ مجھے بی جے پی سے سرٹیفکٹ کی ضرورت نہیں ہے۔

(ایجنسیاں)