شہریت ترمیمی بل کے خلاف متحد ہو کر لڑیں گے جنگ: کانگریس
گوہاٹی: کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے ہفتے کے روز کہا کہ ان کی پارٹی متنازعہ شہیریت ترمیمی بل (سی اے بی) کی پرزور مخالفت کرے گی اور پارلیمنٹ میں اس بل کو پاس ہونےسے روکنے کےلیے ہم خیال پارٹیوں کے ساتھ ملکر متحدہ لڑائی کی قیادت کرے گی۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رمیش نے کہاکہ کانگریس اس بل کے خلاف مل کر لڑائی لڑنے کے لیے شیوسینا، جنتادل (یو)جیسی پارٹیوں کے ساتھ بات چیت کررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ اس بل کو جانچ پڑتال کےلیے جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کےپاس بھیجا جاناچاہیے۔
بی جے پی کونشانہ بناتے ہوئے رمیش نے کہاکہ اس وقت ملک جس طرح کے معاشی بحران سے گزررہاہے بھگوا پارٹی اس سے توجہ ہٹانے کےلیے سی اے بی اور این آرسی کو ایک آلہ کار کے طور پر استعمال کررہی ہے ۔ یہ الزام لگاتے ہوئے کہ اقتصادی ترقی پوری طرح سے رک گئی ہے رمیش نے کہاکہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نے معیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچایاہے۔
(ایجنسیاں)