پرگیہ ٹھاکر دفاعی امور کی پارلیامانی کمیٹی سے خارج

نئی  دلی: بی جے پی نے لوک سبھا میں اپنی رکن پارلیامان  پر گیہ  ٹھاکر کے متنازعہ  بیان کی مذمت  کرتے ہوئے انھیں دفاعی امورکی پارلیامانی کمیٹی سےہٹائے جانے کی بات کہی ہے۔ بی جے پی کے کارگزار صدر جےپی نڈا نے صحافیوں  سے کہا ’’بی جے پی لوک سبھا ایم پی  پر گیہ ٹھاکر کے بیان کی مذمت کرتی ہے، پارٹی ایسے بیانات کی حمایت  نہیں کرتی۔‘‘

نڈانے کہا ’’ہم نے فیصلہ  لیا  ہے کہ انہیں دفاعی امور  کی پارلیامانی کمیٹی  سے ہٹایا جائےگا۔ ساتھ ہی پارلیامنٹ کے  اس سیشن  کے دوران وہ بی جے پی پارلیامنٹری پارٹی  کی میٹنگ  میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔ ہم اس بارے میں بالکل صاف ہیں کہ ان کا بیان قابل مذمت  ہے اور ہم اس نظریے  کی حمایت  نہیں کرتے۔‘‘

واضح ہو کہ بدھ کو لوک سبھا میں ایس پی جی (ترمیم ) بل  پر ہو رہی بحث میں ڈی ایم کے ایم پی اے راجہ ناتھورام گوڈسے کے ایک بیان کا حوالہ دے رہے تھے تو پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے گوڈسے کو دیش بھکت کہتے ہوئے انھیں ٹوکا تھا۔

(ایجنسیاں)