لاک ڈاؤن: یوپی کے بعد اب مدھیہ پردیش دوسری ریاستوں میں پھنسے اپنے تارکین وطن مزدوروں کو واپس لائے گا
مدھیہ پردیش، اپریل 25: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے جمعہ کے روز کہا کہ ریاستی حکومت کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے درمیان ملک کے دیگر حصوں میں پھنسے تارکین وطن مزدوروں کو وطن واپس لائے گی۔ اسی دن اتر پردیش کے وزیر اعلی آدتیہ ناتھ نے بھی اعلان کیا تھا کہ ان کی حکومت دوسری ریاستوں میں پھنسے ہوئے مزدوروں کو مرحلہ وار طور پر وطن واپس لائے گی۔
چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپش بگھیل نے کہا کہ ان کی ریاست نے بھی اسی طرح کی مشق کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔ انھوں نے رائے پور میں نامہ نگاروں کو بتایا ’’اجازت مل جانے کے بعد ہم انہیں واپس لائیں گے۔‘‘
چوہان نے کہا کہ انھوں نے اتر پردیش، راجستھان، گجرات اور مہاراشٹر میں اپنے ہم منصبوں سے مشورہ کیا اور انھوں نے انھیں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر اعلی نے مزید کہا کہ مدھیہ پردیش کے رہائشیوں کو بھی اپنے رشتہ داروں کو واپس لانے کے لیے دوسری ریاستوں کا سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔
اس کے ساتھ ہی مدھیہ پردیش میں پھنسے ہوئے مزدوروں کو اپنی اپنی ریاستوں میں جانے کی اجازت ہوگی۔ مزدور خود ہی ٹرانسپورٹ کا بندوبست کرسکتے ہیں یا اپنی ریاستی حکومتوں کی فراہم کردہ سہولیات کا استعمال کرسکتے ہیں۔
چوہان نے کہا کہ ریاست اور اضلاع کی سرحدوں پر بھی مزدوروں کی اسکریننگ اور جانچ کے انتظامات کیے جائیں گے۔ تاہم کنٹینمنٹ والے علاقوں اور اندور جیسے متاثرہ اضلاع کے مزدوروں کو سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
دریں اثنا وزارت داخلہ نے ابھی یہ واضح نہیں کیا ہے کہ آیا دیگر ریاستوں سے کارکنوں کو لانے کا فیصلہ لاک ڈاؤن ہدایت نامے کے مطابق ہے یا نہیں۔ 25 مارچ سے جاری ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا خاتمہ 14 اپریل کو ہونا تھا، لیکن اس میں توسیع 3 مئی تک کردی گئی ہے۔