لاک ڈاؤن: کرناٹک نے بھی اس مہینے کے آخر تک لاک ڈاؤن میں توسیع کی

کرناٹک، اپریل 11: کرناٹک نے آج کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے جاری لاک ڈاؤم میں 30 اپریل تک توسیع کا اعلان کیا ہے۔

قومی لاک ڈاؤن 14 اپریل کو ختم ہونے والا ہے۔ تاہم آئندہ دو ہفتوں کے دوران مرحلہ در مرحلہ نرمی کی اجازت ہوگی۔

یہ اعلان وزیر اعظم نریندر مودی کی تمام ریاستوں کے وزرائے اعلی سے ملاقات کے فوراً بعد ہوا ہے، جہاں انہوں نے لوگوں کی جان بچانے اور وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے لاک ڈاؤن کو قومی سطح پر بڑھانے کی ضرورت اور اہمیت کی بات کی ہے۔

وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا نے آج یہاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ 21 روزہ جاری لاک ڈاؤن کے برخلاف مرکز نے تجویز پیش کی لاک ڈاؤن کے اگلے مرحلے میں ماہی گیروں، کاشتکاروں، صنعت اور مزدوری جیسے شعبوں کے لیے معمولات میں نرمی کی جائے گی۔ تاہم پبلک ٹرانسپورٹ اور سڑک بند رہنے کا امکان ہے اور اسکول اور کالج بھی بند رہیں گے۔ مسٹر یدی یورپا نے کہا ’’مرکز نے درجہ بند انداز میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی ضرورت پر زور دیا۔‘‘

توقع ہے کہ مرکز توسیع کے عرصے کے دوران ریاستوں کے ساتھ نرمی کے اصولوں پر ایک دو دن میں تفصیلی رہنما خطوط مرتب کرے گا۔ وزیر اعظم نے وزراے اعلیٰ کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے چار گھنٹے طویل گفتگو کی اور لوگوں کے مختلف حصوں پر لاک ڈاؤن کے اثرات کے بارے میں گفتگو کی۔

ریاستی کابینہ نے جمعرات کو متفقہ طور پر وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا تھا۔ اور اسے وزیر اعظم سے ملاقات تک کے لیے روک رکھا تھا۔

مسٹر یدی یورپا نے ایک ٹویٹ میں اپیل کی کہ ’’میں آپ سے عاجزی کے ساتھ درخواست کرتا ہوں کہ آپ اپنا فرض ادا کریں اور گھر پر رہیں تاکہ ہم جلد از جلد اس سے نکل سکیں۔‘‘