فوجی سربراہ جنرل راوت اپنے کام سے مطلب رکھیں: چدمبرم
کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ پی چدامبرم نے فوجی سربراہ جنرل بپن راوت کی سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے کام سے مطلب رکھیں۔ حال ہی میں جنرل راوت نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف پر تشدد مظاہروں پر اس کی قیادت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ قائد وہ نہیں جو بھیڑ کو لوٹ مار کے لبے اکسائے۔ پی چدمبرم کا رد عمل جنرل راوت کے اس بیان پر سامنے آیا ہے۔
تراننت پورم میں گورنر کی رہائش گاہ کے سامنے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ہو رہے مظاہرہ میں انہوں نے یہ بات کہی۔ چدمبرم نے الزام لگایا کہ فوجی سربراہ اور اتر پردیش کے ڈی جی پی کو حکومت کی حمایت کے لیے کہا گیا ہے جو انتہائی شرمناک ہے۔ چدمبرم نے کہا اب فوجی سربراہ کو بولنے کے لیے کہا جا رہا ہے۔ کیا یہ فوجی سربراہ کا کام ہے؟
انھوں نے کہا کہ وہ جنرل راوت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فوج کی قیادت کریں اور اپنے کام سے مطلب رکھیں، رہنماؤں کو جو کرنا ہے وہ کریں گے۔
چدمبرم نے مزید کہا کہ یہ فوج کا کام نہیں ہے کہ وہ رہنماؤں کو یہ بتائیں کہ انہیں کیا کرنا چاہیے۔ جنگ کیسے لڑی جانی ہے اس کی ہمیں آپ کو بتانے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی ہمارا کام ہے۔ چدمبرم نے جنرل راوت کو مشورہ دیا کہ وہ جنگ اپنے حساب سے لڑیں اور ملک کی سیاست کو رہنما سنبھال لیں گے۔