غزہ میں1417 فلسطینی شہید، 450  سے زائد بچےاور248 خواتین بھی شامل  

غزہ ،13اکتوبر :۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ میں خونریزبمباری کا سلسلہ جاری ہے ۔غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے ہلاکتوں کی تعداد سے متعلق تفصیلات جاری کی گئیں جن میں کہا گیا ہے کہ سنیچر کے روز سے اسرائیلی بمباری کے دوران ہلاک ہونے والے 1417 افراد میں 447 بچے اور 248 خواتین شامل ہیں۔

دوسری طرف گزشتہ ہفتے حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کے چیف آف اسٹاف نے پہلی بار میڈیا سے بات کی ہے۔لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلوی نے کہا کہ ’آئی ڈی ایف اپنے شہریوں کی سلامتی کی ذمہ دار ہے، اور ہفتے کی صبح غزہ کی پٹی کے آس پاس کے علاقوں میں، ہم ایسا کرنے میں ناکام رہے۔‘

لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلوی نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ’ہم حماس کے حملوں سے سبق حاصل کریں گے، ہم اس کی تحقیقات کریں گے، لیکن فی الحال ہم حالتِ جنگ میں ہیں۔‘

حلوی سے غزہ میں یرغمال بنائے گئے یرغمالیوں کے بارے میں بھی پوچھا گیا جن کی تعداد کم از کم 150 بتائی جاتی ہے تو انھوں نے جواب دیا کہ ’جنگ کی قیمت بہت زیادہ اور مشکل ہے۔ ہم قیدیوں کو گھر واپس لانے کے لیے سب کچھ کریں گے۔دریں اثنا اسرائیل نے کہا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی تک غزہ کا محاصرہ ختم نہیں کیا جائے گا۔ ی

اد رہے کہ حماس نے کم از کم 150 افراد کو یرغمال بنا رکھا ہے-اسرائیلی فوج کے ترجمان نے لڑائی میں مزید شدت آنے کی تنبیہ کی ہے اور بتایا ہے کہ غزہ کی سرحد کے قریب پیادہ فوج، بکتر بند، توپ خانہ اور تین لاکھ ریزرو فوجی بھیج دیے گئے ہیں۔