غزہ: حماس  کا اسرائیل کو انتباہ ، اگر غزہ پر حملے بند نہ کیے تو یرغمالیوں کو مار دیں گے

غزہ ،10اکتوبر :۔

اسرائیل کے ذریعہ غزہ میں تباہ کن کارروائی کا سلسلہ جاری ہے ۔دریں اثنا جہاں اسرائیلی وزیر اعظم نے غزہ کو سبق سکھانے کی دھمکی دی ہے وہیں مزاحمتی تنظیم حماس  نے بھی انتباہ جاری کیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق  ترجمان ابو عبیدہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ درجنوں اسرائیلیوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ اسرائیل جب بھی غزہ کے شہریوں پر بمباری کرے گا جواب میں اسرائیلی یرغمالی کو مار دیا جائے گا۔حماس کے ترجمان نے واضح طور پر انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے اگر غزہ پر حملے بند نہ کئے تو یرغمالیوں کو قتل کر دیا جائے گا۔

اسرائیلی وزیر دفاع ایلی کوہن  کا کہنا ہے کہ حماس نے 100 سے زائد اسرائیلیوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ حماس کی دلیرانہ کارروائی کے بعد اسرائیل  غزہ پر اندھا دھند بمباری کررہا ہے جس کے نتیجے میں اب تک متعدد فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں اور رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں۔

دریں اثنا ع حماس کی غیر متوقع اور نہایت کامیاب کارروائی سے بوکھلاہٹ کے شکار اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ کی مکمل ناکہ بندی کا حکم دیا تھا۔

جس کے بعد  گزشتہ اسرائیلی وزیر دفاع یووگیلنٹ نے تصدیق کی ہے کہ غزہ کی مکمل ناکہ بندی کردی گئی جس کے دوران خوراک اور دیگر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کی اجازت نہیں ہوگی۔رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے غزہ کو بجلی کی فراہمی بھی منقطع کردی جس سے اکثر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے اور اندھیرے کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اسرائیلی فوج رہائشی علاقوں پر بمباری کر رہی ہے۔