عصمت دری معاملے میں بی جے پی ایم ایل اے کو 25 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا

سون بھدر، 15 دسمبر :

اتر پردیش کے  ضلع سون بھدر کے دودھی (م ریزرو سیٹ) سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے رام دولار گونڈ کو مقامی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج، اول (ایم پی/ایم ایل اے) کورٹ احسان اللہ خان نے ایک نابالغ لڑکی کی عصمت دری کے نو سال پرانے کیس جمعہ کو 25 سال کی سخت قید کی سزا سنائی ہے۔اس سلسلے میں نو سال قبل مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عدالت نے متاثرہ کی بحالی کے لیے 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ عدالت میں جمع کروانے کے بعد پوری رقم متاثرہ کو دی جائے گی۔

عدالت کے فیصلے کے بعد ایم ایل اے کی قانون ساز اسمبلی کی رکنیت بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ جمعہ کو عدالت کی جانب سے سزا سنانے سے قبل ایم ایل اے رامدولار گونڈ کے وکیل نے سزا پر بحث کے دوران رحم کی درخواست کی اور کم سے کم سزا کی استدعا کی اور ساتھ ہی عدالت کو یقین دلایا کہ ملزم کی طرف سے متاثرہ خاندان کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر (پوکسو) ستیہ پرکاش ترپاٹھی نے کہا کہ 12 دسمبر کو سماعت کے دوران، ایم ایل اے کو عدالت نے قصوروار قرار دیا تھا اور اسی دن سزا کے تعین کے لیے 15 دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ مذکورہ معاملہ 4 نومبر 2014 کا ہے جب گونڈ ایم ایل اے نہیں تھے اور ان کی بیوی گاؤں کی سربراہ تھیں۔ اس کے ساتھ ہی متاثرہ کے بھائی نے میر پور تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی تھی جس میں رام دلار گونڈ پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ ان کی نابالغ بہن کو گزشتہ ایک سال سے دھمکیاں دے رہا ہے اور اس کی عصمت دری کر رہا ہے۔ جس کے بعد پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 376، 506 اور 5L/6 پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا اور تحقیقات کے بعد عدالت میں چارج شیٹ داخل کی۔ کیس میں عدالت نے 8 دسمبر کو فریقین کے وکلاء کے دلائل سنے اور 12 دسمبر کو ملزم کو مجرم قرار دیا۔ااور آج سزا سنائی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مجرم ایم ایل اے رام دلار نے اس سلسلے میں متاثرہ سے معاملہ رفع دفع کرنے کے لئے چالیس لاکھ روپے کا آفر بھی دیا تھا۔