طوفان نسارگا: آئی ایم ڈی نے ممبئی اور چھ دیگر اضلاع کے لیے 3 سے 4 جون کے درمیان ریڈ الرٹ جاری کیا

ممبئی، 2 جون: شدید طوفان کے امکان کے سبب ہندوستان کے محکمۂ موسمیات نے 3 سے 4 جون کے درمیان ممبئی، تھانہ، پالگھر، رائےگڈھ ، ڈھولے، نندربار اور ناسک اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ طوفان سے ممبئی میں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں آنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان نسارگا کی وجہ سے ممبئی میں تیز رفتار ہوا اور انتہائی تیز بارش ہوسکتی ہے۔ امکان ہے کہ 3 جون کی سہ پہر کو اس کا لینڈ فال ہوگا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق توقع ہے کہ ہوا کی رفتار 105 کلومیٹر فی گھنٹہ اور 115 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان ہوگی۔

آئی ایم ڈی میں طوفانوں سے نمٹنے والی ڈاکٹر سنیتا دیوی نے کہا ’’ممبئی کے جنوب کی طرف اس طوفان کی توقع کی جارہی ہے۔ “

آئی ایم ڈی کے ڈائرکٹر جنرل مرتنجے مہاپترا نے کہا کہ محکمۂ موسمیات کو فی الحال اس لینڈنگ کے صحیح مقام کا پتہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ معلومات دستیاب ہوتے ہی شیئر کردیے جائیں گے۔ لیکن انھوں نے کہا کہ یہ بات یقینی ہے کہ طوفان کا اثر ممبئی پر پڑے گا۔

مہاپترا نے مزید کہا ’’مرکزی اور ریاستی سرکاری ایجنسیاں نقصان کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ہم مہاراشٹر، کیرالہ، ساحلی کرناٹک، گجرات، گوا، لکشدیپ میں ماہی گیروں کو خصوصی طور پر مشورہ دے رہے ہیں کہ 4 جون تک سمندر میں جانے سے گریز کریں۔ سمندر میں موجود افراد کو فوری طور پر واپس آنا چاہیے کیوں کہ اب سے سمندر بہت خطرناک ہوسکتا ہے۔‘‘

وہیں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے ڈائریکٹر جنرل ایس این پردھان نے کہا کہ مہاراشٹر اور گجرات میں ساحلی علاقوں سے لوگوں کا انخلا جلد ہی شروع کردیا جائے گا۔

دی انڈین ایکسپریس کی خبر میں بتایا گیا ہے کہ این ڈی آر ایف نے گجرات میں 11 ٹیمیں اور دامان اور دیو اور دادرا اور نگر حویلی میں ایک ایک ٹیم اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی پانچ ٹیموں کے ساتھ تعینات کی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کو ویڈیو کانفرنس کے موقع پر گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

سورت میں سوولی، ڈابھری اور ڈوماس بیچ فوری طور پر بند کردیے گئے ہیں۔