طلبا پر کرایہ دینے کے لیے دباؤ ڈالنے پر دہلی کے مکان مالکان کے خلاف 9 مقدمات درج
نئی دہلی، مئی 16: دہلی پولیس نے ایسے مکان مالکان کے خلاف نو مقدمات درج کیے ہیں، جنھوں نے مبینہ طور پر طلبا کو کورونا وائرس سے متاثرہ لاک ڈاؤن کے دوران کرایہ ادا کرنے پر مجبور کیاہے۔
حکام نے بتایا کہ تمام نو ایف آئی آر شمال مغربی دہلی کے مکھرجی نگر پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ہیں۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ یہ مقدمے گذشتہ دو روز میں دائر کیے گئے، جب طلبا کی شکایت تھی کہ ان کے پاس رقم نہیں ہے اور ان کے مکان مالک انھیں کرایہ ادا کرنے پر مجبور کررہے ہیں۔
مکھرجی نگر سول سروسز اور دیگر مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبا کے لیے کوچنگ ہب کے طور پر جانا جاتا ہے۔ ان میں سے بہت سے طلبا دوسرے ریاست سے آتے ہیں اور پی جی اور دیگر کرایے کے گھروں میں رہائش پذیر ہوتے ہیں۔