شہریت ترمیمی قانون کا ’’مذموم مقصد‘‘ لوگوں کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنا ہے: سونیا گاندھی
نئی دہلی، جنوری 11— کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں اپنی ابتدائی تقریر میں کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے ہفتہ کے روز "امتیازی اور تفرقہ انگیز قانون” کے طور پر شہریت ترمیمی قانون کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا "مذموم مقصد” ہندوستانی لوگوں کو مذہبی خطوط پر تقسیم کرنا ہے۔
سونیا گاندھی نے کہا ’’سی اے اے ایک امتیازی اور متنازعہ قانون ہے۔ قانون کا مذموم مقصد ہر محب وطن، روادار اور سیکولر ہندوستانی کے لیے واضح ہے: ہندوستانی لوگوں کو مذہبی خطوط پر تقسیم کرنا۔‘‘
11 دسمبر کو پارلیمنٹ کے ذریعہ منظور ہونے والا یہ شہریت ترمیمی قانون چھ غیر مسلم برادریوں یعنی ہندو، سکھ، بودھ، جین، پارسی اور عیسائی کو، جو 31 دسمبر، 2014 تک پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے مبینہ طور پر مذہبی ظلم و ستم کا سامنا کرنے کے بعد ہندوستان آئے ہوں، کو شہریت دیتا ہے۔
کانگریس اور کئی دیگر جماعتوں نے پارلیمنٹ میں اس بل کی مخالفت کی تھی۔ تاہم یہ منظور کیا گیا کیوں کہ حکمران بی جے پی کو دونوں ایوانوں میں مطلوبہ حمایت حاصل تھی۔ مرکزی حکومت نے جمعہ کو گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یہ قانون اب نافذ ہو گیا ہے۔
سونیا نے یوپی اور دہلی میں سی اے اے مخالف مظاہرین کے خلاف پولیس کی بربریت کی بھی مذمت کی۔
کانگریس صدر نے ان طلبا اور خواتین کی ستائش کی جو پچھلے ایک ماہ سے سی اے اے کے خلاف مظاہروں کی سربراہی کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا ’’ہزاروں نوجوان مرد اور خواتین، خاص طور پر طلبا نے محسوس کیا ہے کہ سی اے اے کے نفاذ سے ملک کو سنگین نقصان پہنچے گا۔ وہ سردی کے ساتھ ساتھ پولیس کی بے دردی کے ساتھ بھی سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ میں ان کی ہمت، آئین ہند کی اقدار پر ان کے مستقل عقیدے اور ان اقدار کے دفاع اور حفاظت کے ان کے عزم کو سلام پیش کرتی ہوں۔ ہم ان کی جدوجہد سے متاثر ہیں۔‘‘
انھوں نے مزید کہا ’’کچھ ریاستوں کی صورت حال تشویش ناک ہے، جس نے ریاستوں کو خاص طور پر اترپردیش اور دہلی کو پولیس ریاستوں میں تبدیل کردیا۔ یوپی کے بہت سے قصبوں، جامعہ ملیہ، جواہر لال نہرو یونی ورسٹی، بنارس ہندو یونی ورسٹی، الہ آباد یونی ورسٹی، دہلی یونی ورسٹی، گجرات یونی ورسٹی، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اور بنگلورو میں پولیس کی زیادتیوں اور بروک فورس کے استعمال سے حیرت ہوئی ہے۔ ہم اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین کو دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔‘‘
یہ کہتے ہوئے کہ انہیں یوپی حکومت اور دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر پر اعتماد نہیں ہے کہ وہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے، سونیا گاندھی نے سی اے اے مخالف مظاہروں سے وابستہ تمام واقعات کی تحقیقات کے لیے ایک اعلی طاقت والے کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا۔
انھوں نے کہا ’’ہمیں کوئی اعتماد نہیں ہے کہ یوپی ریاست کی حکومت یا دہلی کا ایل جی مجرموں کو انصاف دلائیں گے۔ اس لیے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سی اے اے مخالف مظاہروں اور متاثرہ افراد کو انصاف فراہم کرنے سے منسلک واقعات کی تحقیقات کے لیے ایک اعلی طاقتی آزاد کمیشن تشکیل دیا جائے۔‘‘
کانگریس صدر نے واضح طور پر یہ بھی کہا کہ نیشنل پاپولیشن رجسٹر (این پی آر) دراصل نیشنل رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی) کی طرف ایک قدم ہے جس نے آسام میں "تباہ کن نتائج” برآمد کیے ہیں۔