شاہین باغ: سپریم کورٹ نے مظاہرین کو احتجاج کی جگہ بدلنے پر راضی کرنے کے لیے ثالث مقرر کیا

نئی دہلی، فروری 17— سپریم کورٹ نے پیر کے روز دو سینئر وکلا اور ایک سابق بیوروکریٹ کو احتجاجی مقام سڑک سے منتقل کرنے کے لیے دہلی کے شاہین باغ علاقے کے مظاہرین سے بات کرنے کے لیے مقرر کیا۔

جسٹس ایس کے کول اور کے ایم جوزف پر مشتمل عدالت عظمیٰ کی بنچ نے سینئر ایڈووکیٹ سنجے ہیگڈے کو چیف ثالث مقرر کیا اور انھیں ثالث کی حیثیت سے ان کی مدد کے لیے دو مزید افراد کا انتخاب کرنے کی اجازت دی۔ ایڈووکیٹ ہیگڈے نے ایڈووکیٹ سدھنا رام چندرن اور سابق بیوروکریٹ اور قومی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین وجاہت حبیب اللہ کا انتخاب کیا۔ یہ پینل شاہین باغ مظاہرین سے بات کرے گا جو سی اے اے-این آر سی-این پی آر کے خلاف دہلی-نوئیڈا روڈ پر دو ماہ سے روڈ بلاک کر کے احتجاج کررہے ہیں۔

اعلی عدالت میں سماعت کے دوران مرکز نے کہا کہ وہاں پوری ناکہ بندی ہے اور اس کی تصاویر بھی دکھائیں۔ مرکز نے مزید کہا کہ مظاہرین نے بچوں اور خواتین کو ڈھال کی طرح سامنے رکھا ہے۔

"احتجاج کا حق ایک بنیادی حق ہے۔ وہ کون سا متبادل راستہ ہے جس میں وہ روڈ بلاک کیے احتجاج جاری رکھ سکتے ہیں؟” عدالت نے مزید کہا کہ امید ہے کہ مظاہرین پر کچھ وجہ غالب آجائے گی۔

اس معاملے پر اگلی سماعت 24 فروری کو ہوگی۔

شہریت ترمیمی قانون، قومی آبادی رجسٹر اور شہریوں کے لیے قومی رجسٹر کے خلاف سیکڑوں افراد، جن میں زیادہ تر خواتین ہیں، 15 دسمبر 2019 سے شاہین باغ میں چوبیس گھنٹے احتجاج کر رہے ہیں۔

10 فروری کو شاہین باغ کیس سے متعلق آخری سماعت میں سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا تھا لیکن مظاہرین کی برطرفی کے لیے عبوری ہدایت کی درخواست گزاروں کی درخواست سے انکار کردیا تھا۔

آج کی سماعت کے دوران جسٹس کول نے بار بار احتجاج کے حق کے استعمال میں توازن پر زور دیا۔