سی بی ایس ای نے کلاس 11 کے نصاب سے شہریت، قوم پرستی اور سیکولرازم کے ابواب کو خارج کیا
نئی دہلی، جولائی 8: سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے منگل کو تعلیمی سال 2020-’21 کے گیارہویں کلاس کے پولیٹیکل سائنس کے نصاب سے فیڈرل ازم، شہریت، قوم پرستی اور سیکولرازم سے متعلق ابواب خارج کردیے۔ بورڈ نے کہا کہ یہ تغیرات کورونا وائرس وبائی امراض کے پیش نظر نصاب کو مختصر بنانے کے ایک حصے کے طور پر کی گئی ہیں۔
’’ہمیں مقامی حکومتوں کی ضرورت کیوں ہے؟‘‘ اور ’’ہندوستان میں مقامی حکومت کی نمو‘‘ جیسے ذیلی ابواب کو بھی نصاب سے ہٹا دیا گیا ہے۔ حذف شدہ نصاب کے ساتھ حذف شدہ ابواب اور عنوانات کی فہرست بھی سی بی ایس ای نے اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی ہے۔
یہ تبدیلی وزارت انسانی وسائل کی ترقی کی ہدایت پر کی گئی ہے، جب اس نے سی بی ایس ای سے کہا تھا کہ تعلیمی سال 2020-21 کے لیے کلاس نو سے کلاس 12 تک کے نصاب کو 30 فیصد تک کم کیا جائے تاکہ اس دوران ہونے والے تعلیمی نقصان کو پورا کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ وبائی بیماری کی وجہ سے 25 مارچ کو ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے نفاذ سے ایک ہفتہ قبل ہندوستان میں اسکول اور کالج بند کردیے گئے تھے، جو بدستور31 جولائی تک بند رہیں گے۔
سی بی ایس ای نے کہا کہ اسکولوں کے نصاب میں نظرثانی کی گئی ہے کیوں کہ ہندوستان اور دنیا کے دیگر حصوں میں ’’غیر معمولی صورت حال‘‘ پیدا ہوئی ہے۔
معلوم ہو کہ کورونا وائرس ے ہندوستان اب دنیا کا تیسرا بدترین متاثرہ ملک ہے۔ منگل کے روز ملک میں کورونا وائرس کی تعداد بڑھ کر 7،19،665 ہوگئی اور ہلاکتوں کی تعداد 20،160 تک جا پہنچی ہے۔