سی بی ایس ای نے نصاب سے سیکولرازم، وفاق، شہریت جیسے موضوعات ہٹا دیے

فروغ انسانی وسائل کی وزارت کی ہدایات کی بنیاد پر فیصلہ لیا گیا ہے۔

نئی دہلی – سی بی ایس ای نے کووڈ-19 کے بحران کے درمیان تعلیمی سال 2020-21 کے لیے گیارہویں جماعت کے پولیٹکل سائنس کے مضمون سے سیکولرازم، وفاق، شہریت اور مذہبی غیر جانب داری جیسے موضوعات کو حذف کردیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ طلبا پر تعلیم کا بوجھ کم کرنے کی غرض سے ایسا کیا جارہا ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق نصاب سے دیگر ہٹائے جانے والے موضوعات میں "ہمیں مقامی سرکاروں کی ضرورت کیوں ہے؟” اور "ہندوستان میں مقامی سرکار کا ارتقا” جیسے موضوعات کو بھی نصاب سے خارج کردیا گیا ہے۔

اب یہ موضوعات نصابی کتاب میں نہیں رہیں گے، البتہ ٹیچروں سے کہا گیا ہے کہ وہ بچوں کو ان موضوعات کے بارے میں بتائیں اور ان کے سیاق و سباق سے انھیں واقف کرائیں۔

ایچ آر ڈی منسٹری کی ہدایات پر ان موضوعات کو ہٹایا گیا ہے۔ وزارت نے نویں جماعت سے بارہویں جماعت تک نصاب کو تیس فیصد تک کم کرنے کی ہدایت دی تھی۔

انسانی وسائل کی ترقی کے مرکزی وزیر رمیش پوکھریال نشانک نے منگل کے روز ایک ٹویٹ کرکے کہا کہ بنیادی موضوعات کو برقرار رکھتے ہوئے نصاب میں تخفیف کی گئی ہے۔

کووڈ-19 کے تناظر میں 24 مارچ کو لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا جو اگلے روز سے ملک گیر سطح پرنافذ کردیا گیا تھا، تب سے اب تک اسکول اور کالج بند ہیں۔