سی اے اے احتجاج: الہ آباد ہائی کورٹ نے نقصانات کی وصولی کے نوٹسز پر لگائی روک
الہ آباد، فروری 17: الہ آباد ہائی کورٹ نے کانپور کے ایک مسلمان رہائشی کو 19 دسمبر کو شہر میں سی اے اے کے خلاف احتجاج کے دوران سرکاری املاک کو تباہ کرنے کے الزام میں جاری وصولی نوٹس پر روک لگا دی ہے۔
درخواست گزار محمد فیضان کو عبوری راحت دیتے ہوئے گذشتہ منگل (11 فروری) کو جسٹس پنکج نقوی اور سوربھ شیام شمشیری کی بنچ نے 4 جنوری کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (کانپور، سٹی) کے جاری کردہ نوٹس پر روک لگا دی۔ سپریم کورٹ پہلے ہی اس طرح کے احکامات کی قانونی حیثیت کی جانچ کر رہی ہے۔
شہریت ترمیمی قانون کے خلاف 19-20 دسمبر کے احتجاجی مظاہروں کے بعد، جن میں سے کچھ پرتشدد ہوگئے تھے، اترپردیش کے لکھنؤ، کانپور، میرٹھ، مظفر نگر، سنبھل، رام پور، بلند شہر اور بجنور سمیت کئی اضلاع میں سیکڑوں افراد کے خلاف نقصان کی وصولی کے نوٹس جاری کردیے گئے تھے۔ واضح رہے کہ احتجاج کے دوران 20 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے جن میں سے بیشتر مبینہ پولیس فائرنگ میں مارے گئے تھے۔
نقصان کی وصولی کے لیے 4 جنوری کو ADM کے شوکاز نوٹس کو چیلنج کرتے ہوئے محمد فیضان نے الہ آباد ہائی کورٹ میں ایک رٹ پٹیشن دائر کی تھی۔