سیاست میں کوئی کسی کا مستقل دوست یا دشمن نہیں ہوتا: دیوے گوڑا

مہاراشٹر میں سیاسی واقعات کے تناظر میں سابق وزیر اعظم کا بیان

كلبرگی: سابق وزیر اعظم اور جنتا دل سیکولر کے سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا نے مہاراشٹر میں بدلتے ہوئے سیاسی منظرنامے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پیر کو کہا کہ سیاست میں کوئی کسی کا مستقل دوست یا دشمن نہیں ہوتا اور موقع کے مطابق حالات بدلتے رہتے ہیں۔

دیوے گوڑا نے صحافیوں سے کہا ’’ایک وقت تھا جب بال ٹھاکرے نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو مہاراشٹر میں نشستیں دی تھیں۔ لال کرشن اڈوانی اور اٹل بہاری واجپئی نے ٹھاکرے کے گھر جا کر سیٹوں کے لیے درخواست کی تھی۔ بی جے پی آج اس بات کو فراموش کر چکی ہے اور خود غرضی کی سیاست کی راہ پر چل رہی ہے، اب ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی کو سبق سکھانے کی ٹھانی ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) بی جے پی کو سبق سکھائیں‘‘۔

HD Deve Gowda: Balasaheb gave place to BJP in Maharashtra, Advani&Vajpayee went to Bala Saheb’s residence & requested him for seats. BJP overrode that, that’s why Uddhav Thackeray has taken a stand that he will teach them a lesson. Now, it’s for Congress&NCP to put down BJP. https://t.co/jxkXDli1Q2

— ANI (@ANI) November 11, 2019

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سیاست میں موقعے کی مناسبت سے حالات بدلتے رہتے ہیں۔ ایک وقت ایسا بھی تھا جب جن سنگھ اور جنتا پارٹی کی قیادت میں تمام سیاسی پارٹیاں اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے خلاف متحد ہو گئے تھے اور انہیں شکست سے دوچار کردیا تھا۔ اب ایک بار پھر حالات بدلے ہیں اور فرقہ پرست بی جے پی کو شکست دینے کے لیے تمام سیاسی پارٹیاں اس کے خلاف ہو گئی ہیں۔ کانگریس کو شیو سینا کو حمایت دینی چاہیے، پانچ سال تک اسے پریشان نہیں کیا جانا چاہیے، تبھی لوگ ان پر یقین کر سکیں گے۔