سسکتی ہوئی انسانیت کی خدمت کے لیے آج بھی زندہ ہیں کچھ لوگ

گزشتہ ایک سال سے 1200 سے زائد لاشوں کی آخری رسومات ادا کی

(دعوت نیوز ڈیسک)

 

یو تھ ویلفیئر تلنگانہ کے نوجوانوں کا قابل قدر اقدام
ملک میں کورونا وائرس کی وبا ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے، لوگ اپنے عزیزو اقارب سے بچھڑتے جا رہے ہیں، حکومتیں انتظامات سے عاجز ہو گئی ہیں۔ اس افراتفری کے عالم میں انسانیت کے جذبے سے سرشار کچھ نیک صفت اور خدا ترس نوجوان اس مصیبت کے ماروں کی مدد کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں بلکہ اپنے آپ کو وقف کیے ہوئے ہیں۔ چنانچہ ملک کے مختلف علاقوں سے ملت کے شاہین صفت نوجوانوں کی بہادری اور شجاعت کی ایسی ایسی خبریں موصول ہو رہی ہیں جنہیں پڑھ کر حوصلہ ملتا ہے کہ آج بھی دم توڑتی ہوئی انسانیت کی خدمت کے لیے ملت کے نوجوان مسیحا بن کر سامنے آ رہے ہیں۔
گجرات، کرناٹک اور مہاراشٹر کی طرح تلنگانہ میں بھی نوجوانوں کی ایک جمعیت ’یوتھ ویلفیئر تلنگانہ‘ کے نوجوان دن رات کورونا سے فوت ہونے والوں کی لاشیں ٹھکانے لگانے کا کام بحسن وخوبی انجام دے رہے ہیں۔ گزشتہ سال آئی ہوئی اس وبا کے بعد یوتھ ویلفیئر تلنگانہ کے نوجوانوں نے کم وبیش 1200 لاشوں کی آخری رسومات ادا کی ہیں۔ ان میں مسلمانوں میتوں کی تجہیز وتکفین، نماز جنازہ کا اہتمام اور تدفین کے انتظامات کیے گئے، ان کے علاوہ برادران وطن یا دیگر مذاہب کے مہلوکین کی آخری رسومات ان کے مذہبی طریقوں کے مطابق انجام دینے میں تعاون کیا گیا ہے۔
یوتھ ویلفیئر تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر کے ایک ذمہ دار جناب خالد نوید نے ہفت روزہ دعوت کو بتایا کہ کووڈ کی دوسری لہر میں بھی بے شمار اموات ہوئی ہیں اور لوگ مسلسل ان سے رابطہ کر رہے ہیں۔
خالد نوید کا کہنا ہے کہ تانڈور اور وقار آباد میں بھی 100 سے زائد میتوں کی آخری رسومات انجام دی گئی ہیں جبکہ صرف محبوب نگر میں اب تک 40 اموات ہوئی ہیں جن کی تدفین وغیرہ کے لیے یوتھ ویلفیئر تلنگانہ کے نوجوان نے بھر پور تعاون دیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس کام کی وجہ سے علاقے کے برادران وطن میں مسلمانوں کے تعلق سے مثبت اثرات دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ملت کی دوسری تنظیمیں بھی اس کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں لیکن چونکہ لوگوں میں کورونا کا خوف پایا جاتا ہے اس لیے سب لوگ اس کی کام میں پہل نہیں کرتے ہیں۔ انہوں نے ملت کے درد مند نوجوانوں سے اپیل کی کہ تقدیر پر بھروسہ کرتے ہوئے اس کام کے لیے آگے آئیں کیونکہ اس بگڑتی ہوئی صورتحال میں انہیں میدان میں کام کرنے کے لیے مزید والینٹیرس کی شدید ضرورت محسوس ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ یوتھ ویلفیئر تلنگانہ ایک رجسٹرڈ این جی او ہے۔ جلال الدین اکبر عرف ابو وانیا اس کے صدر ہیں اور محمد وسیم سکریٹری ہیں اور یہ دونوں افراد ویلفیر پارٹی آف انڈیا سے بھی وابستہ ہیں۔

مشمولہ: ہفت روزہ دعوت، نئی دلی، شمارہ 2 مئی تا 8 مئی 2021