18-45 سال کی عمر کے افراد کے لیے کورونا وائرس ویکسین کی رجسٹریشن آج شام 4 بجے شروع ہوگی

نئی دہلی، اپریل 28: مرکزی حکومت نے بتایا کہ 18 سال سے زیادہ عمر کے تمام ہندوستانی شہریوں کے لیے کورونا وائرس ویکسین کا اندراج کووین پورٹل پر آج شام 4 بجے سے شروع ہو جائے گا۔ ویکسینیشن کے تیسرے مرحلے کا آغاز یکم مئی سے ہوگا۔

خواہش مند اپنے موبائل نمبروں کا استعمال کرتے ہوئے www.cowin.gov.in پورٹل پر اپنا اندراج کرسکتے ہیں۔ اندراج مکمل ہونے کے بعد انھیں اپنے فوٹو شناختی دستاویز کی تفصیلات درج کرنی ہوں گی، جس کے بعد انھیں ویکسین لینے کے لیے بلایا جائے گا۔ اس سے متعلق تمام  تفصیلات رجسٹرڈ موبائل نمبر پر ارسال کی جائیں گی۔

ویکسینیشن والے دن لوگوں کو ملاقات کی پرچی اور فوٹو شناختی دستاویز اپنے ساتھ لے جانے کی ضرورت ہوگی جو انھوں نے اندراج کے دوران استعمال کیا تھا۔

آج صبح حکومت کے ٹویٹر ہینڈل ’’MyGoIndia‘‘ نے بتایا کہ کووین پورٹل کے علاوہ آروگیہ سیتو اور امنگ (UMANG) ایپس پر بھی رجسٹریشن کی اجازت ہوگی۔

امنگ ایپ پر صارف سے پہلے ویکسین کے لیے اندراج کروایا جائے گا۔ اگلے مرحلے میں صارف کو اپنا موبائل نمبر داخل کرنا ہوگا، جس کے بعد ایک OTP اس نمبر پر بھیجا جائے گا۔ ایک بار او ٹی پی کی تصدیق ہوجانے کے بعد صارف کو فوٹو شناختی دستاویز، سال پیدائش اور جنس کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی۔

ایپ اب تک 1976 کے بعد پیدا ہونے والے صارفین کو اس عمل میں مزید آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دیتی ہے۔

وہیں اگرچہ ویکسینیشن کا عمل یکم مئی سے شروع ہو رہا ہے لیکن 18-45 سال کی عمر کے افراد کو اپنی ویکسین لینے کے لیے انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔ نئی پالیسی کے اعلان سے پہلے ہی ہندوستان 45+ بریکٹ کی قلت سے نپٹ رہا ہے اور جون تک نئی سپلائیوں کی توقع نہیں کی جارہی ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو رجسٹریشن کے باوجود مزید انتظار کرنا پڑسکتا ہے۔

اس ماہ کے شروع میں کم از کم سات ریاستوں راجستھان، آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ، ہریانہ، مہاراشٹر، اوڈیشہ اور تلنگانہ میں ویکسینوں کی قلت دیکھی گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 14.53 کروڑ سے زیادہ افراد ویکسین حاصل کرچکے ہیں جب کہ 2.38 کروڑ مستفید افراد کو ویکسین کی دوونوں خوراکیں موصول ہوگئی ہیں۔