سابق کانگریس کونسلر اور عام آدمی پارٹی کے موجودہ رہنما ذاکر خان نے ڈی ایم سی چیئرمین کا عہدہ سنبھالا
نئی دہلی، اگست 27: جولائی میں ڈاکٹر ظفر الاسلام خان کی مدت ملازمت کی میعاد ختم ہونے کے بعد مشرقی دہلی کے جنتا کالونی سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے سابق کونسلر اور عام آدمی پارٹی کے موجودہ رہنما ذاکر خان کو دہلی اقلیتی کمیشن کا چیئرمین نامزد کیا گیا ہے۔
ذاکر خان نے کل سے اپنی خدمات شروع کر دی ہیں۔
کول جیت سنگھ اور نینسی بارلو کو نئے کمیشن میں ممبر مقرر کیا گیا ہے۔
دہلی اقلیتی کمیشن کے قواعد 2000 کے مطابق کمیشن کے چیئرمین اور دو ممبران کا مدتِ کار تین سال ہے۔
ذاکر اے اے پی میں شامل ہونے سے پہلے کانگریس پارٹی میں سرگرم تھے اور انھوں نے بابر پور سے کانگریس کے ٹکٹ پر دہلی اسمبلی انتخابات بھی لڑے تھے۔ لیکن وہ عام آدمی پارٹی کے گوپال رائے سے انتخابات ہار گئے۔
کانگریس کے سابق کونسلر، جو دہلی یونی ورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں، نے کہا کہ اقلیتوں کو چھوٹے پیمانے کی صنعت، پرنٹنگ بوٹیک اور چھوٹے چھوٹے کاروباروں کے لیے سرکاری قرضوں کی اسکیموں سے لوگ آگاہ نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ اسکول کے طلبا کے لیے وظائف، اعلی تعلیم اور تکنیکی تعلیم سمیت تعلیمی اسکیمیں بھی ہیں۔
انھوں نے برادری کے نمائندوں سے ملاقاتیں کرکے ان تمام اسکیموں کو مقبول بنانے کی یقین دہانی کرائی۔
ذاکر، جو ایک اچھے سماجی کارکن کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں، نے کہا کہ وہ ڈی ایم سی کے تحت مختلف اقلیتوں کی جماعتوں کے کاموں میں تیزی لانے کے لیے مختلف کمیٹیوں کو مزید مستحکم کریں گے۔