ریلوے نے یکم جولائی سے 12 اگست تک تمام باقاعدہ ٹرینیں منسوخ کیں

نئی دہلی، جون 26: ہندوستانی ریلوے نے جمعرات کو ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے معاملات کے درمیان یکم جولائی سے 12 اگست کے درمیان چلنے والی تمام باقاعدہ ٹرینوں کو منسوخ کردیا۔ تاہم 12 مئی سے چلنے والی خصوصی ٹرینیں اور یکم جون سے چلنے والی 100 جوڑی خصوصی میل اور ایکسپریس ٹرینیں چلتی رہیں گی۔ مسافروں کو منسوخ ٹرینوں کے لیے ٹکٹوں کے رقم کی واپسی مل جائے گی۔

ریلوے نے بتایا کہ ممبئی میں مضافاتی ٹرینوں کی محدود تعداد، جس کا مقصد ضروری کاموں میں مصروف کارکنوں کی نقل و حمل کرنا ہے، بھی چلتی رہیں گی۔

واضح رہے کہ مارچ میں اچانک پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کردی گئی تھی، جب کورونا وائرس کی وجہ سے ملک گیر پابندیاں پہلی بار عائد کی گئی تھیں۔

کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے ملک گیر لاک ڈاؤن کا چوتھا مرحلہ ختم ہونے کے ایک دن بعد حکومت نے یکم جون سے 200 خصوصی ٹرینیں شروع کی تھیں۔ مئی میں مرکز نے نئی دہلی سے متخلف علاقوں کے لیے خصوصی ٹرینوں کے 15 جوڑے بھی شروع کیے تھے۔

خصوصی ٹرینوں میں مسافروں کی سوار ہونے سے پہلے اسکریننگ کی جاتی ہے اور ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ سفر کے دوران تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ریلوے نے مسافروں کو بستر اور کھانا مہیا کرنا بھی بند کردیا ہے۔

دریں اثنا ملک بھر میں کورونا وائرس کے معاملات میں خوفناک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ جمعرات کو ملک میں ریکارڈ 16،922 نئے معاملات سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 4،73،105 ہوگئی۔ وہیں اب تک 14،894 افراد اس مرض کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ اب تک 2.7 لاکھ افراد اس سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

قومی دارالحکومت دہلی میں 73،000 سے زیادہ معاملات ہیں، جب کہ مہاراشٹر میں متاثرین کی تعداد 1،47،741 تک جا پہنچی ہے۔