راجستھان:مندر انتظامیہ نے عقیدت مندوں کے لئے ڈریس کوڈ نافذ کیا

جے پور میں واقع جھارکھنڈ مہادیو  مندر انتظامیہ نے منی اسکرٹ اور کٹی پھٹی جنس میں عقیدت مندوں کے داخلہ پر پابندی عائد کر دی

نئی دہلی،08جولائی:۔

مساجد میں اگر کسی بھی طرح کے غیر اخلاقی حرکتوں اور غیر مہذب لباس پر پابندی کا نوٹس جاری کیا جاتا ہے تو ایک ہنگامہ برپا ہو جاتا ہے اور اسے حقوق اور آزادی کی تلفی قرار دی جاتی ہے لیکن جب یہی معاملہ مندروں میں ہوتا ہے تو اسے مہذب اور اخلاقی پابندی کا نام دے کر تعریف کی جاتی ہے ۔حالانکہ دونوں کے ساتھ معاملہ یکساں ہونا چا ہئے کیونکہ مذہبی مقامات پر غیر اخلاقی حرکت یا غیر مہذب لباس اس مقدس مقام کی توہین کے مترادف ہے ۔راجستھان کے جے پور میں جھاکھنڈ مہادیو مندر نے عقیدت مندوں کے لئے ایک ڈریس کوڈ متعارف کرایا ہے جس میں انہیں کٹی پھٹی جنس،شارٹس،فراک،نائٹ سوٹ اور منی اسکرٹ پہننے سے پرہیز کرنے کے لئے کہا گیا ہے ۔ مندر انتظامیہ نے اس سلسلے میں مندر کے باہر گیٹ پر نوٹس بھی چسپاں کیا ہے ۔

جن ستا کی رپورٹ کے مطابق مندر انتظامیہ کی جانب سے مندر کے باہر لگائے گئے پوسٹر میں تمام خواتین اور مردوں سے مندر میں مہذب لباس پہن کر آنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ پوسٹر میں چھوٹے کپڑے، ہاف پینٹ،برموڈا،منی اسکرٹ،نائٹ سوٹ، کٹے پھٹے جنس، فراک پہن کر آنے پر باہر سے ہی درشن کرنے کی گزارش کی گئی ہے۔ڈریس کوڈ کو لے کر مندر کے صدر جے پرکاش سومانی نے بتایا کہ کافی دنوںں سے یہاں آنے والے عقیدت مند یہ اپیل کرتے تھے کہ مندر میں جو لوگ کٹٰ پھٹی جینس میں آتے ہیں ، منی اسکرٹ میں آتے ہیں ،برموڈا پہنے آتے ہیں ، یہ ہندوستانی ثقافت کے خلاف ہے ۔ کمیٹی کے صدر نے کہا کہ مستقبل میں مندر کے لئے روایتی کپڑے پہننے کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔ سومانی نے کہا کہ مندر میں آنے والے عقیدت مندوں سے گفتگو اور غور کر کے ہی یہ فیصلہ لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے کپڑے ،کٹی پھٹی جنس یہ ہماری ثقافت کے خلاف ہے ۔انہوں نے کہا کہ ابھی صرف درشن کرنے واے عقیدت مندوں کے لئے یہ ڈریس کوڈ نفاذ کیا گیا ہے ۔