نیشنل کلین ایئر پروگرام کے تحت دہلی کو نہیں ملا کوئی فنڈ
نئی دہلی: دنیا کے سب سے آلودہ شہروں میں شامل ہونے کے باوجود مرکزی حکومت نے نیشنل کلین ایئر پروگرام (این سی اے پی)کے تحت مالی سال 2019-20 کے لیے دہلی کو کوئی رقم مختص نہیں کی ہے۔ حکومت نے 2024 تک آلودگی کو کم کرنے کے لیے نیشنل کلین ایئر پروگرام کے تحت 23 ریاستوں کے کل 102 شہروں کی پہچان کی ہے۔ ان میں سے ایک دہلی بھی ہے۔
مدھیہ پردیش سے بی جے پی ایم پی پربھات جھا کے ایک سوال کے جواب میں مرکزی وزیر پرکاش جاویڈکر نے گزشتہ سوموار کو راجیہ سبھا میں شہروں کو مختص کی گئی رقم کے بارے میں جانکاری دی۔ اس میں دہلی کا نام نہیں ہے۔ جاویڈکر کے جواب کے مطابق اس سال مرکز نے 102 میں سے کل 90 شہروں کے لیے این سی اے پی کے تحت کل 172.86کروڑ روپے کا فنڈ مختص کیا ہے۔اس میں سے سب سے زیادہ 30.72 کروڑ روپے اترپردیش کے 13 شہروں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
اس کے بعد دوسرے نمبر پر مہاراشٹر ہے جس کے لیے 25.20 کرور روپے مختص کیے گئے ہیں۔چھتیس گڑھ کو 12.06کروڑ روپے، گجرات کو 12 کروڑ روپے، مدھیہ پردیش کو 12.36کروڑ روپے، پنجاب کو 12.48کروڑ روپے اور راجستھان کو 18.12کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اس سال کے سینٹرل بجٹ میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے این سی اے پی کے لیے 406 کروڑ روپے مختص کیے تھے۔ 2011-15 کے بیچ ایئر کوالٹی ڈیٹا اور 2014-18 ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کی بنیاد پر این سی اے پی کے تحت 102 شہروں کی شناخت کی گئی ہے۔
ان شہروں میں سے 28 شہروں، جہاں کی آبادی 10 لاکھ سے زیادہ ہےاور پی ایم 10 کی ایئر کوالٹی 90 مائیکرو گرام فی میٹر کیوب (90ug/m³)سے زیادہ ہے، کے لیے مرکزی ماحولیاتی وزیر 10 کروڑ روپے کا فنڈ مہیا کرا رہے ہیں۔ 28 ترجیح دیے گئے شہر ہیں: وجے واڑہ، چنڈی گڑھ، رائے پور، بھلائی، سورت، احمدآباد، دھنباد، بنگلو، بھوپال، گوالیار، ممبئی، ناگپور، نوی ممبئی، بھونیشور، کٹک، لدھیانا، امرتسر،جئے پور، جودھپور،کوٹا، کلکتہ، پٹنہ،آگرہ، الہ آباد، کانپور، لکھنؤ اور وارانسی۔
ان 102 شہروں کے علاوہ دیگر شہر جن کی آبادی5 لاکھ سے کم ہے ان کو 10 لاکھ روپے اور جن کی آبادی 5 لاکھ سے 10 لاکھ ہے ان کو 20 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
(ایجنسیاں)