دہلی میں پٹرول کی قیمت میں 1.67 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 7.10 روپے اضافہ ہوا
نئی دہلی، مئی 5: دہلی حکومت نے آج پیٹرول اور ڈیزل پر لگائے گئے ویلیو ایڈیڈ ٹیکس میں اضافے کا اعلان کیا، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ دارالحکومت میں ایک لیٹر پٹرول کی قیمت اب 71.26 روپے اور ڈیزل کی قیمت 69.39 روپے ہوگی۔
پٹرول پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کو 27 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کردیا گیا ہے، جب کہ ڈیزل پر عائد ٹیکس اصل 16.75 فیصد سے بڑھا کر قریب دوگنا کرتے ہوئے 30 فیصد کردیا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 1.67 روپے فی لیٹر اضافہ کیا ہے اور ڈیزل کی قیمت میں 7.10 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق وزیر تیل دھرمیندر پردھان نے پیر کے روز کہا کہ ایندھن کی طلب کی ’’بحالی‘‘ کے بعد اس کا اعلان کیا گیا ہے، کیوں کہ مرکز نے صنعتی سرگرمیوں اور لوگوں کی نقل و حرکت پر بڑی چھوٹ کا اعلان کیا ہے۔
لازمی خدمت کے طور پر درجہ بند ہونے کے باوجود لاک ڈاؤن کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی فروخت میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے، کیوں کہ صنعتوں اور دفاتر نے اپنے دروازے بند کردیے اور ملک قریب تر تعطل کا شکار ہوگیا۔ دی مِنٹ کے مطابق اپریل میں پٹرول کی فروخت میں 61 فیصد اور ڈیزل میں 56.5 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پٹرول اور ڈیزل دونوں کی بنیادی فروخت کی قیمت میں 16 مارچ سے کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ تاہم بڑے پیمانے پر ہونے والے محصولات کے نقصانات کا سامنا کرتے ہوئے متعدد ریاستی حکومتوں نے ایندھن پر عائد ٹیکسوں میں اضافہ کیا ہے، جو فی الحال جی ایس ٹی سے باہر ہیں۔
ہریانہ میں بھی ریاستی حکومت نے حال ہی میں پٹرول پر لگائے گئے ٹیکس میں 1 روپے اور ڈیزل پر فی لیٹر پر 1.1 روپے کا اضافہ کیا ہے۔ چنئی میں بھی تمل ناڈو حکومت کی جانب سے ایندھن پر عائد ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 3.25 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 2.50 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔