دہلی میں طاق جفت کی بنیاد پر دکانیں کھولی جائیں گی، پابندیوں کے ساتھ بسیں اور ٹیکسی چلانے کی اجازت: وزیر اعلی کیجریوال

نئی دہلی، 18 مئی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے طاق جفت نیادوں پر بازاروں میں دکانیں کھولنے اور صرف 20 مسافروں کے ساتھ بسوں کو چلانے کا اعلان کیا، لیکن میٹرو خدمات، اسکول، کالج، سنیما ہال اور سیلون بند رہیں گے۔

ایک آن لائن میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا ’’ہمیں آہستہ آہستہ معیشت کو کھولنے کی طرف بڑھنا ہے۔ ہم نے لاک ڈاؤن کے دورانیے کو کوویڈ 19 سے نمٹنے کے لیے انتظامات کرنے کے لیے استعمال کیا۔‘‘

انھوں نے کہا کہ شہر میں بسوں میں سوار لوگوں کی پہلے اسکریننگ کرنی ہوگی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ٹیکسی سمیت فور وہیلر گاڑیوں میں صرف دو مسافروں کی اجازت ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دو پہیہ گاڑیوں پر صرف چلانے والے کو ہی اجازت ہوگی۔

انھوں نے کہا ’’دہلی میں تعمیراتی سرگرمیوں اور سامان لے جانے والے ٹرک کی اجازت ہوگی۔‘‘

وزیر اعلی نے مزید کہا کہ شہر میں 31 مئی تک مذہبی اجتماعات پر پابندی ہے۔ ریستوراں کھانا گھر پہنچانے کے لیے کھولے جا سکتے ہیں لیکن وہاں کھانے کی سہولیات کی اجازت نہیں ہوگی۔

کیجریوال نے کہا کہ کل 50 افراد شادی کی تقریبات میں شریک ہوسکتے ہیں، جب کہ 20 افراد جنازوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز مرکز نے مزید نرمیاں دیتے ہوئے 31 مئی تک ملک میں کورونا وائرس سے منسلک لاک ڈاؤن کو بڑھا دیا تھا۔