دہلی فسادات کے شکار 400 سے زیادہ متاثرین معاوضے کی رقم کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کی کوشش میں ہیں
نئی دہلی، جولائی 13: شمال مشرقی دہلی فسادات کے 400 سے زیادہ متاثرین نے معاوضے کے لیے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انھیں یا تو معاوضے کی رقم دہلی حکومت کے حکم کے مطابق موصول نہیں ہوئے ہیں یا سرے سے موصول ہی نہیں ہوئی ہے۔
ایسے بہت سے متاثرین، جن کو معاوضہ نہیں ملا ہے وہ دہلی ہائی کورٹ میں پہلے ہی اپنی درخواستیں دائر کرچکے ہیں۔ ایسے ہی ایک معاملے میں ایک ہنگامہ آرائی کے دوران گولی کا نشانہ بننے والے ایک متاثرہ شخص کے معاملے میں مؤقف اختیار کرنے والی ایک درخواست میں کہا گیا تھا ’’درخواست گزار نے مارچ 2020 کے پہلے ہفتے میں اس اسکیم کے تحت معاوضے کے لیے درخواست دائر کی تھی، لیکن اب تک کوئی معاوضہ نہیں ملا ہے۔‘‘
اس معاملے میں جسٹس پرتبھا ایم سنگھ نے کہا تھا کہ ’’درخواست گزار کی درخواست پر تیزی سے کارروائی ہونی چاہیے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ درخواست گزار کو شدید چوٹ پہنچی ہے اور معاوضہ جاری کرنے میں تاخیر کی کوئی وجہ نہیں ہے۔‘‘
جسٹس سنگھ نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ آج سے دس دن کی مدت میں درخواست گزار کو معاوضے کی رقم جاری کی جانی چاہیے۔