دہلی فسادات: طالبہ کارکن گلفشاں فاطمہ کا دعویٰ ہے کہ انھیں جیل میں ہراساں کیا جا رہا ہے

نئی دہلی، ستمبر 22: رواں سال فروری میں شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے فسادات میں مبینہ کردار کے الزام میں سخت غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت گرفتار طالبہ کارکن گلفشاں فاطمہ نے منگل کو دہلی کی ایک عدالت کو بتایا کہ اسے جیل میں فرقہ وارانہ تعصب اور ذہنی اذیت کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

فاطمہ اس وقت قومی دارالحکومت کی تہاڑ جیل میں بند ہیں۔

انھوں نے ایڈیشنل سیشن جج امیتابھ راوت کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بتایا ’’مجھے جیل میں ایک پریشانی ہے۔ جب سے مجھے یہاں لایا گیا ہے، مجھے جیل کے عملے کی طرف سے مسلسل امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انھوں نے مجھے پڑھا لکھا دہشت گرد کہا اور مجھ پر فرقہ وارانہ تبصرے کیے۔ مجھے یہاں ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اگر میں نے اپنے آپ کو تکلیف دی تو اس کے ذمہ دار صرف جیل کے حکام ہوں گے۔‘‘

جج نے فاطمہ کے وکیل سے اس معاملے کے بارے میں درخواست دائر کرنے کو کہا۔ فاطمہ کے وکیل محمود پراچہ نے کہا کہ وہ اس معاملے میں درخواست دائر کریں گے۔

9 اپریل کو فاطمہ کو جعفرآباد احتجاج میں حصہ لینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر پہلی معلومات رپورٹ 48/2020 کے تحت تعزیرات ہند کی متعدد دفعات کے تحت الزام لگایا گیا تھا۔ اس خصوصی ایف آئی آر کے تحت انھیں 13 مئی کو ضمانت مل گئی تھی۔ تاہم وہ جیل میں ہی رہی کیوں کہ ان پر ایف آئی آر 59/20 کے تحت 18 اپریل کو اسلحہ ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت ایک اور کیس میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

دہلی کی عدالت نے پیر کو ہدایت کی تھی کہ ملزم کے مشیروں کو چارج شیٹ کی کاپی سونپ دی جائے اور اس معاملے پر مزید غور کے لیے 3 اکتوبر کو پیش کیا جائے۔

اپنے 17،000 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ میں پولیس نے 747 گواہوں کو درج کیا تھا اور ان میں سے 51 نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے بیانات ریکارڈ کروائے ہیں۔