دہلی: ذاکر نگر اور ابو الفضل انکلیو-I کی متعدد گلیاں سیل، لوگ خوف زدہ

نئی دہلی، اپریل 12: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے قریب، جنوبی دہلی کے ذاکر نگر کی متعدد اور ابوالفضل انکلیو پارٹ ون کی ایک گلی کو کورونا وائرس کے متعدد معاملات سامنے آنے کے بعد سیل کر دیا گیا ہے۔ اس سے نہ صرف مقامی باشندوں کو مجبور کیا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں کی چار دیواری میں ہی قید رہیں بلکہ دوسری گلیوں کے رہائشیوں میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا ہے جو ابھی اس بندش سے آزاد ہیں۔

ابوالفضل انکلیو کے لوگوں کو ہفتے کی شام تک عملی معنوں میں ’’سیل’ کے معنی نہیں معلوم تھے، جب پولیس نے ایک گلی میں دونوں راستوں پر پابندیاں لگا دیں، جہاں طبی معائنہ کے بعد کورونا وائرس کا ایک مثبت مریض گھروں میں سے ایک میں رہتا ہوا پایا گیا۔ اگرچہ اس کو کورونا کا ’’ہاٹ سپاٹ‘‘ نہیں بتایا گیا ہے کیوں کہ یہاں اب تک صرف ایک ہی کیس سامنے آیا ہے، لیکن پولیس اور محکمۂ صحت کی اس کارروائی سے لوگوں میں ایک طرح کا نفسیاتی خوف طاری ہوا ہے۔

جی بلاک، ابوالفضل انکلیو پارٹ اول کی اس گلی کو اتنی تیزرفتاری سے سیل کردیا گیا کہ گلی کے بہت سارے رہائشی جو ضروری سامان خریدنے گئے تھے وہ باہر ہی رہ گئے اور انھیں بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اور بہت سارے لوگ جو دودھ اور دیگر ضروری چیزیں خریدنے کے لیے باہر جانا چاہتے تھے ان سے بھی سختی سے کہا گیا کہ وہ باہر نہ نکلیں کیوں کہ باہر پولیس کی سخت نگرانی ہے۔

دہلی حکومت اب تک اپنے دائرہ اختیار میں 30 کورونا ’’ہاٹ سپاٹس‘‘ علاقوں کا اعلان کر چکی ہے اور انھیں کورونا وائرس کے معاملات پر قابو پانے کے لیے سیل کر دیا گیا ہے۔